راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ بار اور بنچ ایک گاڑی کے دوپہیے ہیں۔سستے اور فوری انصاف کیلئے بار بھی اپنا کردار ادا کرے۔شہدائے وکلاء ہسپتال راولپنڈی کے کام کو جنگی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار جسٹس سردار محمد شمیم خان نے ہائی کورٹ بار راولپنڈی کی نومنتخب ایگزیکٹیو کمیٹی سے ملاقات میں کیا۔جس نے صدر ملک غلام مصطفی کندوال کی قیادت میں ان سے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر سید حسنین شاہ کاظمی،جنرل سیکرٹری محمد فیصل ملک،نائب صدر راجہ منیر ،جوائنٹ سیکرٹری فرزانہ عزیز اور مجلس عاملہ کے ارکان شامل تھے۔وکلاء نمائندوں نے شہدائے وکلاء ہسپتال سمیت وکلاء کو درپیش مسائل کی طرف چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی توجہ مبذول کرائی جس پر سردارمحمد شمیم خان نے کہا کہ وکلاء کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات جلد نمٹانے میں بار کردار ادا کرےتاکہ عام آدمی کو فوری اور سستاانصاف مل سکے۔