کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کا پلے آف مرحلہ بدھ سے شروع ہورہا ہے۔ دو بار فائنل میں شکست کھانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے کوالی فائر میں گروپ میچوں میں ٹاپ کرنے والی پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔ فاتح ٹیم براہ ارست اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی جبکہ میچ ہارنے والی ٹیم کے پاس جمعہ کو الیمنیٹر 2کی صورت میں ایک اور لائف لائن موجود ہوگی۔ اسلام آباد اور کراچی کنگز نیشنل اسٹیڈیم میں ہی 14مارچ کو الیمنیٹر ون میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔ ناکام رہنے والی ٹیم کا سفر ختم ہوجائے گا۔ دوسری ٹیم الیمینیٹر 2 کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جہاں اس کا مقابلہ کوالیفائر کی شکست خوردہ ٹیم سے ہوگا۔ پشاور زلمی 2016 کی چیمپئن ہے۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور نے ٹورنامنٹ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم گروپ میں سرِ فہرست ہے جس نے اپنے 10 میچز میں سے 7 میچز جیتے اور 14 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر اس مرحلے کا اختتام کیا ۔ اس کے علاوہ پورے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دوسری بہترین ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہے اور اس نے بھی اپنے 10 میچز میں سے 7 میچز جیت کر 14 پوائنٹس حاصل کیے، لیکن خراب رن اوسط کی وجہ اس کا دوسرا نمبر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 10 میچز کھیل کر 5میچز جیتی اور اتنے ہی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد10پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ وہ تیسرے نمبر تک پہنچ سکی۔ کراچی کنگز نے بھی 10 میچز میں سے 5 میچز میں فتح سمیٹ کر 10 پوائنٹس حاصل کیے اور دیگر 5 میچز میں شکست کی وجہ سے رن اوسط خراب رہی یوں اس کا نمبر چوتھا رہا۔ پاکستان سپر لیگ فور میں پشاور زلمی کے فاسٹ بولرحسن علی 10 میچوں میں 21وکٹ کی ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین شین واٹسن 352رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے کولن انگرم 35.66 کی اوسط سے 321 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔