• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کے دور میں مظالم بڑھ گئے، برٹش کشمیری لندن مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں، چوہدری محمد یٰسین

لوٹن (شہزاد علی) اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ برطانوی کشمیری ایک دن کشمیر کے لئے وقف کرکے 16مارچ کو لندن بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور مظاہرہ کریں اور تمام جماعتیں مل کر اس مظاہرہ کی کامیابی کے لئے کاوش کریں۔ وہ بروز بدھ لوٹن میں ایک پریس کانفرنس سے اظہار خیال کر رہے تھے،اس پریس کانفرنس کا اہتمام صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر برطانیہ راجہ زبیر اقبال کیانی نے کیا تھا۔ نظامت کا فریضہ گلوبل کمپین کشمیر موومنٹ کے ظفر قریشی نے ادا کیا۔ سابق سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین نے بتایا کہ اس مظاہرہ کی حمایت وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر، جماعت اسلامی کے رشید ترابی اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان نے بھی کی ہے اور یہ تمام کشمیریوں کا مشترکہ مظاہرہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے مودی برسر اقتدار آیا کشمیر میں ظلم بہت بڑھ گیا ہے انہوں نے حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک آرمی کی جرات اور کردار کو سلام پیش کیا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنی زندگی کو اب تحریک آزادئ کشمیر کی سرگرمیوں کیلئے وقف کردوں گا۔ میزبان راجہ زبیر اقبال کیانی اوورسیز کمشنر آزادکشمیر اور متعدد دیگرکشمیری عمائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لندن مظاہرہ کو جماعتی وابستگیوں سے بالا ہوکر کامیاب کیا جائے گا اور لوٹن سے خواتین کے لئے بھی مظاہرہ میں شرکت کے لئے ٹرانسپورٹ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرنے والوں میں زبیر اقبال کیانی،ڈائریکٹر الحرا مسعود اختر ہزاروی، جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک، سینئر نائب صدر تحریک کشمیر برطانیہ چوہدری محمد شریف، چیئرمین ن لیگ اوورسیز راجہ شفیق پلاہلوی، کونسلر ریاض بٹ اور طاہر ملک، سالار اعلیٰ مسلم کانفرنس برطانیہ راجہ محمد یعقوب، پی پی کے سید اعجاز بخاری، ن لیگ کے سید حسین شہید سرور اور جنرل سیکرٹری پی پی لوٹن چوہدری محمد عارف شامل تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں۔ شرکاء میں سینئر نائب صدر ن لیگ آزادکشمیر برطانیہ چوہدری جہانگیر احمد سماہنی، صدر پی پی لوٹن چوہدری محمد نثار، لیبر کے چوہدری عباس صابر ، ن لیگ کے راجہ توصیف کیانی، ملک انوار اور دیگر شامل تھے۔ مظاہرہ کے حوالے یہ تجویز بھی دی گئی کہ مظاہرین بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کریں اور صرف پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لے کر آئیں ۔
تازہ ترین