• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا امریکی ناظم الامور کو خط جعلی اور جھوٹ ہے، ترجمان ن لیگ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق امریکی ناظم الامور کو کوئی خط نہیں لکھا گیا اورمریم نواز سے منسوب کردہ خط جعلی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ فوادچوہدر ی نےساری عمر لوٹا کریسی کی جسکی وجہ سے وہ سیاسی اقدار سے لاعلم ہیں،مشرف کا ترجمان صرف دوسروں کی صحت پر سیاست کرسکتا ہے۔ مریم اورنگزیب نےالزام لگایا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر اخلاقی اور ذہنی پستی کا مظاہرہ کیا اور(ن) لیگ کے قائد نواز شریف کی صحت پر سیاست کی ہے،نواز شریف کی صحت پر سیاست کرتے ہوئے حکومتی ترجمان یہ بھول بیٹھے ہیں کہ وہ اصل میں نواز شریف اور شہباز شریف کی عوامی خدمت اور حکومتی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مریم اور نگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ترجمانوں کے ذریعے کئی ماہ سے صرف نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں،مریم نواز کواپنے باپ سے نہ ملنے دینے کی ہدایت بھی انہی کی طرف سے آئی تھی۔وزیراعظم کی چھ ماہ کی کل کارکردگی یہی ہے کہ نواز شریف کو کس اسپتال میں منتقل کیا جائے؟ کب منتقل کیا جائے؟ضرورت تو اس بات کی تھی کہ فواد چوہدری آج قوم کو بتاتے کہ جی ڈی پی گروتھ تین فیصد پر آگئی، افراط زر ساڑھے آٹھ فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے،مہنگائی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے پر عوام چیخ رہے ہیں۔دریں اثناء ن لیگ کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چند مہینوں بعد مہنگائی اور بلوں سے تنگ عوام حکومت کیخلاف صف آرا ہونگے۔یہ پاکستان کی تاریخ کی نا اہل اور نالائق ترین حکومت ہے، حکومت نواز شریف کیساتھ ناروا سلوک کر کے اپنی عاقبت خراب کر رہی ہے۔
تازہ ترین