• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کارکنوں پر تشدد، گرفتاریاں، پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

اسلام آباد میں نیب کے آفس کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر پولیس کے تشدد،لاٹھی چارج اور ان کی گرفتاریوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔


پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے مخدوم سید عثمان محمود کی جانب سے یہ قرارداد جمع کرائی گئی ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر تاریخ کا بدترین تشدد کیا، کارکنان قیادت سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نیب آفس اسلام آباد پہنچے تھے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ پر امن کارکنان پر پولیس نے حکومت کے کہنے پر لاٹھی چارج کیا، جس سے کئی کارکنان زخمی ہوئے جبکہ درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں پر بدترین تشدد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

متن میں کہا گیا ہے کہ 126 دن تک دھرنا دینے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن کرنے والوں سے پر امن کارکنوں کا اپنی قیادت سے اظہار یک جہتی برداشت نہیں ہوا۔

قرار داد کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی پی کارکنوں پر تشدد سے نام نہاد جمہوری حکومت کا اصل آمرانہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو آج نیب نے طلب کیا تھا۔

تازہ ترین