• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر شخص ذاتی مکان کی خواہش رکھتا ہے، ایک ایسا مکان جو نہ صرف دیدہ زیب اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہو بلکہ موادکے لحاظ سے بھی معیار اور پائیداری کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ مکان کی تعمیر کے دوران نقشہ سازی یا فلور پلان کی اہمیت سے انکا ر نہیں کیا جاسکتا۔ یہ وہ اسکیچ یا ڈیزائن ہوتا ہے جو تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل آپ کے خوابوں کے محل کو خاکے کی شکل میں آپ کے سامنے کھڑا کردیتا ہے۔ موجودہ دور میں ڈیزائن کی تلاش اور انتخاب کا مرحلہ ماضی کی نسبت زیادہ آسان ہوگیا ہے۔ نقشہ سازی کے لیے آن لائن سرچنگ ہو، کیٹلاگ دیکھنے کا مرحلہ ہو یا پھر آرکیٹیکٹ کی جانب سے دیا گیا مشورہ، ان سب کے لیے خاص احتیاط اور مشاورت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یقینی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ کیسے اور کہاں سےشروع کیا جائے؟ لیکن اس سے قبل ذاتی طور پر چند سوالات کے جوابات تلاش کرلینا بے حد ضروری ہے۔ یہ جوابات ایک بہترین نقشے کی تیاری کا مرحلہ بے حد آسان کردیں گے۔

موجودہ گھر میں کس چیز کی کمی ہے؟

اپارٹمنٹ یا فلیٹ میں رہنے والے لوگ ذاتی مکان تعمیر کرنے کی خواہش اس لیے بھی رکھتے ہیں کیونکہ موجودہ اپارٹمنٹ ان کی خواہشات یا خاندانی ضرورتوں کو پورا نہیں کرپاتا۔ ممکن ہے کہ آپ کا گھر تنگ محسوس ہوتا ہو یا پھر وہ آپ کے طرزِ زندگی اور خواہشات سے مطابقت نہ رکھتا ہو۔ اس لیے خامیوں کو تلاش کرنے کی کوشش کیجیے کیونکہ یہ عمل نئے مکان کی نقشہ سازی کی بنیاد ثابت ہوگا۔

مستقبل کی ضروریات پر نظر رکھیں

ہم میں سے کوئی بھی شخص یہ پیشگوئی نہیں کرسکتا کہ کل وہ کہاں ہوگا لیکن آپ یہ تصور کرسکتے ہیں کہ آئندہ دہائیوں میں آپ کے خاندان میں کتنا اضافہ ہوسکتا ہے۔ لہٰذا نئے مکان کی نقشہ سازی سے قبل مستقبل کو مدِنظر رکھتے ہوئےسوچ کا دائرہ وسیع کریں۔ آپ کے نئے مکان کے لیے ایسا نقشہ ہونا چاہیے، جو نہ صرف موجودہ بلکہ آئندہ کئی برسوں تک آپ کے خاندان کی ضروریات اور سہولت کا باعث ہو۔

پلاٹ کی جگہ

نقشہ سازی کے وقت گھر میں سہولیات کا خیال رکھنے کے ساتھ پلاٹ کا سائز بھی خاصی اہمیت رکھتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ڈیزائنر یا پھر آرکیٹیکچرجگہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نقشہ سازی کرے۔ آپ کے گھر کی سمت بندی کے وقت پلاٹ کی جگہ اثر انداز ہوتی ہے۔ اپنے ڈیزائنر کے ساتھ مل کر ایک ایسا فلور پلان منتخب کریں جو پلاٹ کے سائز اور آپ کے خاندان کے لیے بہترین ثابت ہو۔ اگر آپ کے پاس ایک بہترین منظر موجود ہو تو کھڑکیوں کی تنصیب اور سورج کی روشنی جیسے اہم امور پر بھی غور کرنا ضروری ہے۔

بجٹ کتنا ہے ؟

گھر کی تعمیر ہو یا خریداری، بجٹ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ نقشہ سازی کےعلاوہ گھر کی تعمیر پر آنے والی ممکنہ لاگت کا حساب کتاب لگائیں اور اس بات کا یقین کرلیں کہ آپ کے پاس موجود رقم تعمیری لاگت سے20سے 25فیصد زیادہ ہو۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو دورانِ تعمیر بجٹ کی وجہ سے کسی بھی مرحلے پر گھر کی تعمیر رُک سکتی ہے۔

کشادگی اور سہولیات پر غور

نقشہ سازی کے دوران محدود بجٹ کے باعث کشادگی یا سہولیات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرتے وقت آپ کو اپنی ترجیحات دیکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہوگا۔ اگر آپ گھر میں کشادگی چاہتے ہیں تو آپ کو کمروں کی تعداد کم رکھتے ہوئے انھیں وسیع رکھنا ہوگا جبکہ سہولیات کے حصول کے لیے آپ کو اسٹور روم، لانڈری روم، اسٹڈی روم، گیسٹ روم وغیرہ پر مشتمل فلور پلان منتخب کرنا ہوگا۔ کمروں کی خوبصورتی کے لیے مختلف انداز کے فرش اور چھت کے ڈیزائن بنوائے جاسکتے ہیں۔

گھر کے فعال حصے

نقشہ سازی میں کسی بھی ڈیزائنر یا آرکیٹیکچر کی توجہ کا خاص مرکز بیڈروم، لیونگ روم اور کچن ہوتا ہے۔ تاہم آپ کو بہترین نقشہ سازی کے لیےان کے علاوہ گھر کے دیگر اہم حصوں پر بھی غور کرنا ہوگا۔ عموماً خاتونِ خانہ اپنے نئے گھر کے کچن یا بیڈروم کے لیےخاصی پرجوش ہوتی ہیںلیکن آپ کے گھر کا لانڈری روم، باتھ روم، اسٹڈی روم یا پھر اسٹوریج روم بھی اتنی ہی اہمیت اور توجہ کا متقاضی ہے جتنا کہ بیڈروم یا آپ کا کچن۔ نقشہ سازی کے وقت گھر کے ان حصوں کے لیے مناسب جگہ اور سائز پر بھی غور کریں۔

نقشہ پر غور اور تبدیلیاں

ہم جانتے ہیں کہ چند لائنوں کی مدد سے بنائے گئے خاکے اور ایک مکمل گھر کی تعمیر میں خاصا فرق ہوتا ہے۔ چند لائنیں اصل گھر کی تصویر نہیں دکھا سکتیں لیکن اس کے باوجود نقشہ سازی بے حد ضروری ہے۔ آپ کو اپنے مکان کے لیے ڈیزائنر یا آرکیٹیکچر کی مدد سے ایک ایسا نقشہ بنوانا ہوگا، جس میں آپ روزانہ کی بنیاد پر سہولت سے گزر بسر کرسکیں اور آپ کے گھر کا ہر حصہ واضح ہو۔ ایک بار جب نقشہ تیار ہوجائے تو دوبارہ غور کریں، اس غوروفکر کے دوران آپ کو جو جگہیں کشادہ، تنگ یا معاون محسوس نہ ہوں، انھیں ردوبدل کرکے تبدیل کروادیں۔

تازہ ترین