• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سازشی قوتوں سے نمٹنے کیلئے انتہا پسندی اورعصبیت کا خاتمہ ضروری ہے

حیدرآباد (نمائندہ جنگ) صوبہ سندھ کے دانشوروں، پروفیسروں اور عالمی امور پرگہری نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پاکستان پر ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار مسلط کرنے کی سازش کرنےوالی قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے جنونی انتہاء پسندی، علاقائی تعصبات، فرقہ وارانہ عصبیت اور دہشت گردی کی لعنتوں کا مکمل صفایا اور خاتمہ کرنا موجودہ دور کا اہم ترین تقاضا ہے جس کیلئے ملک کے ذی شعور شہریوں اور سول سوسائٹی کے سنجیدہ رہنماؤں کو اتحاد و یگانگت، اخوت و رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور اعلیٰ معاشرتی اقدار کو فروغ دیکر حکومت اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر تعمیری انداز میں اپنا اصلاحی اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبہ سندھ کی تعلیمی یونیورسٹیوں میں منعقد ہونیوالی پیغام پاکستان سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینارز سے پروفیسر لکھارام دیوراجن، مفتی احمد عرفان، راجا عتیق احمد، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ نور اللہ، سید ایاز احمد شاہ،پروفیسر فرحت جوکھیو ، پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن سہرائی و دیگر نے خطاب کیا۔ سیمینارز کی اس سیریز کے انعقاد کا مقصد وطن عزیز میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے جنونی انتہاءپسند عناصر کی متشددانہ کارروائیوں کیخلاف رائے عامہ کو بیدار، منتظم اور متحرک کرکے پاکستان کے تمام دینی مکاتب فکر کے مرتب کردہ متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کی روح کے عین مطابق امن پسند معاشرہ کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے۔
تازہ ترین