اسلام آباد (صباح نیوز)دھرنوں کے دوران ایس ایس پی پر تشدد کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اورپاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہاری ملزم قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کردیا گیا ، دونوں رہنماں کی جائیداد ضبطگی کی کاروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے خلاف درج مقدمے میں الزام ہے کہ انہوں نے یکم ستمبر 2014کو دھرنوں کے دوران کارکنوں کے ذریعے ایس ایس پی آپریشنز عصمت اللہ جونیجو اور اس کے آپریٹر کو حملہ کر کے زخمی کیا۔ پولیس کی جانب سے دونوں رہنماؤں کو متعدد بار طلب کیا گیا لیکن وہ نہ تو شامل تفتیش ہوئے اور نہ ہی ضمانت کے لئے عدالت سے رجوع کیا۔ایک سال سے زائد انتظار کے بعد پولیس کی درخواست پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا ہے۔