• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی مدارس اوراسلام کادہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ،گورنر

لاہور(نمائندہ خصو صی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ مولویوں کو ایک دن بھی حکومت نہیں ملی پھر بھی لوگ کہتے ہیں مولویوں نے ملک تباہ کر دیا اگر ہم آج دلوں سے نفرت اور بغض نکال دیں تودنیا کی کوئی طاقت ہمیں آگے بڑ ھنے سے نہیں روک سکتی ۔پاکستان کو کر پشن کرنیوالے ٹھگوں نے لوٹا ہے جن کو کبھی معاف نہیں کیا جاسکتا ۔دینی مدار س اوراسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ۔اِن خیالات کا اظہار اُنہوں لاہور میں جامعہ الخیر کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جامعہ الخیر کے سر براہ قاری حنیف جالندھری سمیت دیگر احباب بھی موجود تھے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ ملک میں دینی اوردنیاوی تعلیم دونوں ساتھ چلیں گی تو پھر ہی ملک میں حقیقی ترقی اورخوشحالی آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیوان کے بعد دینی مداس کو دہشت گردوں کی ٹر یننگ سے جوڑنے کی سازشیں کی گئیں مگر ایسا کر نیوالے پہلے بھی ناکام ہوئے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ماضی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے حکومتیں کچھ نہیں کر سکیں لیکن اب چھ ماہ کی کوششوں کے بعد پنجاب حکومت نے آب پاک اتھارٹی بنائی ہے جسکے تحت پورے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔اُنہوں نے کہا کہ مَیں سمجھتا ہوں کہ اگر ایک انسان کو قتل کر نیوالے کی سزا موت ہے تو پینے کے صاف پانی میں غیرمیعاری فلٹر یشن پلانٹس لگانیوالے ہزاروں انسانوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والوں کو بھی سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے ۔
تازہ ترین