• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود سے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کی ملاقات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فریڈریکا موغیرینی نے وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں ملاقات کی۔


دوران ملاقات پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات ہوئے، اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین نے نئے اسٹریٹجک پلان پر گفتگو کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے لیے اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں، تجارت، سرمایہ کاری اور گورننس سمیت کئی معاملات پر بات ہوئی۔


وزیرخارجہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران افغانستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کو افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کا حل بات چیت ہی ہے، ایٹمی طاقت کے حامل دو پڑوسی ملک جنگ کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں، یہ پاگل پن ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ کو فوری رہا کیا، پاکستان نے موجودہ صورت حال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فریڈریکا موغیرینی نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ برسوں میں یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات فروغ پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے،غربت کے خاتمے اور دیگر حکومتی ترجیحات کے منصوبوں پر پاکستان سے تعاون کریں گے۔

فریڈریکا موغیرینی نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے تعمیری کردار ادا کیا، سانحہ کرائسٹ چرچ کے پاکستانی متاثرین سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

تازہ ترین