راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ انسداد پولیو مہم میں صفدر آباد کی بارہ ڈرینج یونین کونسلز اور ڈھوک دلال کی چار یونین کونسلز کو فوکس کیا جا رہا ہے‘ جبکہ سات سپر ہائی رسک یونین کونسلز جن میں راولپنڈی سٹی کی چھ اور راولپنڈی کینٹ کی ایک یوسی شامل ہے وہاں ٹارگٹ گروپ کی عمر کی حد 10سال مقرر کر کے مہم کے دنوں کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ گوجر خان‘ راولپنڈی کینٹ‘ راولپنڈی سٹی‘ راولپنڈی رورل اور ٹیکسلا میں انسداد پولیو مہم جاری ہے جہاں مانیٹرنگ کیلئے 9سپروائزرز مقرر کئے گئے ہیں۔ 25مارچ سے شروع ہونے والی مہم میں منگل تک 2لاکھ 35ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر انسداد پولیو قطرے پلوا دیئے گئے ہیں۔