• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہا تھا شہباز شریف بارگیننگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں، شیخ رشید


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ سے کوئی پریشانی نہیں، بنی گالا میں چیخیں نہیں نکل رہیں، وہاں اللہ ہو کا ذکر ہو رہا ہے۔

شریف برادران پر تنقید کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کون سی ایسی بیماری ہے جو انہیں اقتدار سے اترنے کے بعد نہیں ہوئی، کہا تھا نہ شہباز شریف بارگیننگ کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

ریلوے ہیڈکوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے شریف برادران اور آصف زرداری کو ایک بار پھرکرپٹ ترین سیاستدان قرار دےدیا، اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پورا زور لگا لیا مگر یہ ٹس سے مس نہیں ہوئے، اس ملک میں کئی آئینی اور قانونی مسائل ہیں۔

نواز شریف کی ضمانت سے متعلق سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط نہیں کہیں گے، چیف جسٹس سپریم کورٹ پروفیشنل جج ہیں۔

ریلوے وزیر نے کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس سے متعلق بھارتی عدالت کے فیصلے کو وہ بین الاقوامی عدالت میں لےجانا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید کاکہنا تھا کہ میزائل کی فیلڈ میں پاکستان، بھارت سے بہت آگے ہے، حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے ثابت ہو گیا کہ بھارتی افواج میں دم خم نہیں، عالمی طاقتیں درمیان میں نہ آتیں تو میزائل چلنے کو تیار تھے۔

انہوں نےکہاکہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستانی عوام اور فوج کا مورال بلند رہا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹر سیلون سے لیکر ریلوے منسٹر سیلون تک آن لائن کر دیئے گئے، کوئی بھی کرایہ پر لینا چاہے تو لے سکتا ہے ، نئی 2 ریل گاڑیوں کیساتھ ڈائننگ کارز بھی لگائی جا رہی ہیں ۔

تازہ ترین