• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو غیرجمہوری ایجنڈے کیخلاف مزاحمت کرنی چاہئے، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو مل کر غیرجمہوری ایجنڈے کیخلاف مزاحمت کرنی چاہئے،سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ پرویز مشرف کے 13مئی تک پاکستان آنے کی بات تاخیری حربوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چھ ہفتے شریف خاندان آرام کرے گا مگر آصف زرداری بہت مصروف ہوں گے۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ این آر او کی بات کرنے والے جواب دیں کہ عدلیہ آزاد ہے یا کسی کے سیاسی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، عدلیہ سے ہمارے خلاف فیصلے آئے تو سب نے بغلیں بجائی تھیں، ن لیگ کیخلاف جے آئی ٹی بنی تو پیپلز پارٹی نے اسے خوش آئند قرار دیااب ان کیخلاف جے آئی ٹی بنی تو بری ہوگئی، ن لیگ کی قیادت نے پچھلے دو سال میں پورا چلّہ کاٹا ہے، ہم نے ہر قسم کی سختی کا سامنا کیا اور قانونی جنگ لڑی، نواز شریف نے احتساب عدالت میں 175پیشیاں بھگتیں، پیپلز پارٹی کی قیادت تو ابھی اس کوچہ میں قدم رکھ رہی ہے جس کا ہم ڈیڑھ سال سے سامنا کررہے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کو طعنے دینے کے بجائے قانونی طریقہ کار پر چلنا چاہئے، نیب نے شہباز شریف کو جن بنیادوں پر گرفتار کیا اس کے شواہد پیش نہیں کیے، نواز شریف کو ضمانت محدود مدت کیلئے ملی ہے اس کے ٹیکنیکل معاملات پر ہائیکورٹ نے فیصلہ کرنا ہے، عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ نواز شریف کی صحت کو لاحق خدشات درست تھے، حکومت اور وزراء نواز شریف کی بیماری کا مذاق اڑاتے تھے، حکومت کے بنائے پانچ میڈیکل بورڈز کی رپورٹ کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے نواز شریف کو ضمانت دی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو سوچنا ہوگا کہ جمہوریت کیلئے جمہوری پارٹیوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھا کر ہم غیرجمہوری قوتوں کا آلہ کار بنیں گے، پیپلز پارٹی ہماری صدر، وزیر اعظم اور اسپیکر کے الیکشن مل کر لڑنے کی تجویز مان لیتی تو پاکستان میں طاقت کا توازن مختلف ہوتا، اپوزیشن جماعتوں کو مل کر غیرجمہوری ایجنڈے کیخلاف مزاحمت کرنی چاہئے، ن لیگ کی تمام سینئر قیادت کھل کر بات کررہی ہے، حکومت کیخلاف بدترین پریس کانفرنس کرتے ہیں تو ہمارے خلاف پریس کانفرنس ہوجاتی ہے، نواز شریف کی صحت ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، شریف خاندان کیلئے سب سے بڑی مشکل نواز شریف کی صحت ہے۔سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ پرویز مشرف کی بیماری کے بعد میں نے ان سے متعلق بات کرنا بند کردی تھی۔

تازہ ترین