اگر آپ کے ماتھے اور گالوں کی بناوٹ چوکور، ٹھوڑی نوکیلی اور جبڑوں کا حصہ گول کے بجائے چوڑا زیادہ ہے تو سمجھ جائیں کہ آپ چوکور چہرے کی مالک ہیں۔ چہرے کی یہ ساخت بآسانی پہچانی جاسکتی ہے، اس کی بہترین مثال کے طور پر انگلش ایکٹریس کیرا نائٹلی، نتالیا پورٹ مین اورمعروف گلوکارہ، اداکارہ و فیشن ڈیزائنر ریہانا کے چہرے کی ساخت پر غور کیاجاسکتا ہے۔ چہرے کی یہ ساخت رکھنے والی خواتین کا میک اَپ ہو یا ہیئر اسٹائل، دونوں ہی خاصی احتیاط اور توجہ چاہتے ہیںتاکہ شارپ فیچرز کو سوفٹ لُک دیا جاسکے۔ آپ جو بھی ہیئر اسٹائل اپنائیں، کوشش کریں کہ اس میں چہرے کی چوڑائی کم نظر آئے۔ آج کے موضوع میں ہم کچھ ایسے ہی ہیئر اسٹائل کا ذکر کرنے جارہے ہیں، جو چوکور چہرے والی خواتین پر خوب جچیں گے۔
ڈھیلی چوٹی
لوز بریڈ ہیئر اسٹائل (ڈھیلے ڈھالے انداز میں بنائی گئی بالوں کی چوٹی) چوڑا چہرہ رکھنے والی خواتین کے لیے ایک بہترین ہیئراسٹائل ہے۔ بالوں کی یہ چوٹی چہرے کی چوڑائی کم کرکے اسے پتلا اور لمبا دکھانے کے لیے بہترین ہے لیکن اس ہیئر اسٹائل کو بناتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آگے کی طرف سے کوئی بال نہ لیں بلکہ آگے کی کٹنگ مثلاً بینگ کو یونہی چھوڑتے ہوئے نیچےسے چوٹی باندھیں۔ آگے سے کٹے ہوئےبال بھی ماتھے اور گالوں کی چوڑائی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
لمبے اور گھنگھریالے بال
گہرے گھنگھریالے بال نہ صرف بے حد حسین اور جاذب نظر لگتے ہیں بلکہ چوکور چہرے والی خواتین کے چہرے کی چوڑائی کو بھی خوبصورتی کے ساتھ کم دکھاتے ہیں۔ اگر آپ کا چہرہ چوکور ہے تو آپ بھی لانگ اور زیادہ گھنگھریالے بالوں والا ہیئر اسٹائل ضرور بناکر دیکھیں۔ زیادہ گھنگھریالے بال آپ کے چوڑے چہرےکے نقوش کو خوبصورتی کے ساتھ نمایاںکرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گوری رنگت اور چوڑے چہرے کی ساخت والی خواتین کے لیے بیوٹی ایکسپرٹس ’ریڈ ٹون‘ ہیئر کلر کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان ایکسپرٹ کے مطابق یہ رنگ چوکور چہرے والی خواتین کو ایک منفرد دلکشی عطا کرتا ہے۔
فرنج کے ساتھ باب ہیئر اسٹائل
باب ہیئر اسٹائل گزشتہ سال کے مقبول ٹرینڈ میں سے ایک ہے۔ ہالی ووڈ حتیٰ کہ لالی ووڈ میں بھی ماڈلز اوراداکارائیں باب ہیئر اسٹائل بنائے نظر آتی ہیں۔ یہ اسٹائل ٹرینڈ میں ہونے کے علاوہ فرنج لُک کے ہمراہ چکور چہرے والی خواتین کے لیے ایک پرفیکٹ چوائس ہے۔ اس ہیئر اسٹائل میں اسٹریٹ بینگ آگے سے پیشانی کو خوبصورتی سے ڈھانپتے ہیںتو پیچھے کے رُخ کندھوں تک جاتے بال چہرے پر ہالہ بنالیتے ہیں۔ یہ ہیئر اسٹائل بنانے سے نہ صرف چہرہ لمبا اور خوبصورت لگتا ہے بلکہ عمر بھی نمایاں طور پر کم لگتی ہے۔ چوکور چہرے والی خواتین فرنج کے ساتھ باب ہیئر اسٹائل بنانے کے علاوہ شارٹ باب کے ساتھ بینگ ہیئر اسٹائل بھی بناسکتی ہیں، اس میں بھی وہ خاصی دلکش لگیں گی۔
لوب کے ہمراہ لیئرڈ بینگ
لوب ہیئرکٹ ایک بہترین ہیئراسٹائل ہے۔ اس ہیئر اسٹائل کو بنا نے کی ایک بہترین وجہ اس کا ہر ساخت کے چہرے پر بے حد سوٹ کرناہے۔ اگر آپ کے بالوں کی لمبائی کندھوںتک ہےتو لوب کے ساتھ بینگ ہیئر کٹ بنائیں۔بینگز کو کرل کرکے آپ چہرے کومزید خوبصورت تاثر دے سکتی ہیں۔ پیچھے کے بالوں کواسٹریٹ رہنے دیں کیونکہ سیدھے اور کندھوں کو چھوتے بال آپ کے چہرے کو بڑا اور لمبا محسوس کروائیں گے۔
لمبے بالوں کی لیئرز
لمبے بالوں کو لیئرز میں کٹوانا چہرے کو لمبا اور بیضوی انداز دینے کے لیے بہترین ہے۔ عام طور پریہ خواتین میں سب سے زیادہ اپنایا جانے والا ہیئر اسٹائل ہے، جس میں بال کراؤن (اوپر) سے گہرے اور لمبائی کے رُخ لیئرز میں کٹوائے جاتے ہیں۔ چہرے اور کندھوں سے نیچے جاتی چھوٹی بڑی لیئرز چہرے کو بیضوی انداز میں اس خوبصورتی سے نکھارتی ہیںکہ چوکور چہرہ بھی بیضوی ساخت کا محسوس ہونے لگتا ہے۔ یہ اسٹائل بنانے کے ساتھ ساتھ اگر آپ بالوں کو ڈائی (رنگنے) کرنے کے حق میں ہیں تو ونڈ بلون ہیئر کلر ایک خوبصورت لُک کے لیے ضرور اپنائیں۔
پف کے ساتھ ہائی فرینچ بریڈ
فرینچ بریڈ ان دنوں سیلیبرٹیز ہیئر اسٹائل میں شمار کیا جارہا ہے۔مشہور سلیبرٹیز شادی بیاہ جیسی تقاریب کے لیے فرینچ بریڈ پرخوبصورت مانگ ٹیکا سجائے جلوے بکھیرتی نظر آتی ہیں۔ آپ فرینچ بریڈ مختلف ہیئر اسٹائل کے ساتھ بناسکتی ہیں مثلاًپف کے ساتھ،کراؤن بریڈ کے ہمراہ وغیرہ۔ چوکور چہرے والی خواتین فرینچ چوٹی کے ساتھ سر پر تھوڑا اُونچا پف بنالیں تووہ چہرے کی چوڑائی میں نمایاں کمی لاسکتی ہیں۔