• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ایسوسی ایشن پاک برطانوی افواج کےمشترکہ تجربات کے تبادلوں کاذریعہ

لندن( جنگ نیوز) لندن میں پاکستان ہائی کمیشن نے گزشتہ روز کمانڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے سابق طلبہ کی تنظیم کوئٹہ ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس کااہتمام کیا، پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے تقریب کی میزبانی کی،اجلاس کے شرکا میں دیگر لوگوں کے علاوہ کوئٹہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ سیوماس کیر، سیکریٹری کوئٹہ ایسوسی ایشن لیفٹنٹ کرنل ایلن وائٹ لا ، سابق صدر کوئٹہ ایسوسی ایشن لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ سر ایلسٹر ارون کے علاوہ کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے 40 برطانوی گریجویٹس شامل تھے ، کوئٹہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائرڈ سیوماس کیر نے اپنے ریمارکس میں اس ایسوسی ایشن کو برطانیہ اورپاکستان دونوں کیلئے اہم قرار دیااور کہا کہ کوئٹہ ایسوسی ایشن پاک برطانوی افواج کےمشترکہ تجربات اور روایتوں کے تبادلوں کاذریعہ ہے، اس موقع پر ہائی کمیشن کے دفاعی مشیر کموڈور جمال عالم نے کمانڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا پیغام پڑھ کر سنایا، اس پیغام میں اس بات پر زور دیاگیا تھا کہ کالج میں برطانوی افسران کی شرکت کوئٹہ اوربرطانیہ کے درمیان قدیم تعلق کی نظیر ہے، کوئٹہ ایسوسی ایشن دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان باہمی فوائد پر مبنی رشتے جاری رکھنے کویقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ہائی کمشنر نے اپنی تقریر میں امید ظاہر کی کہ کوئٹہ ایسوسی ایشن نہ صرف پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے درمیان بلکہ مختلف شعبوں کے درمیان تعلقات کومزید مستحکم بنانے کیلئے پلیٹ فارم کاکام انجام دے گی،انھوں نے کہا کہ کمانڈ اور سٹاف کالج کے سابق برٹش گریجویٹس کی اتنی بڑی تعداد کی موجودگی دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کیلئے ایک ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔نفیس زکریا نے کہا کہ ایشیا عالمی اقتصادیات کامحور بن رہا ہے، اور پاکستان کو اپنے جغرافیائی محل وقوع کی بنیاد پر اس خطے میں سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہے۔انھوں نے شرکا کوبتایا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت دانشمندانہ اقتصادی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ جس سے دوسرے ممالک کے ساتھ ہی برطانیہ کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے اس موقع پر نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ گھرانوں کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیااور صورت حال سے نمٹنے کیلئے نیوزی لینڈ کی حکومت کے اقدامات اور کوششوں کو سراہا، انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کاکوئی مذہب نہیں ہوتا انھوں دنیا سے اس لعنت کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات اور کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
تازہ ترین