دیگر ممالک کی طرح یوم قرارداد پاکستان متحدہ عرب امارات میں بھی منایا گیا،اس حوالے سے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سےدارالخلافہ ابوظہبی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقعے پر حکومت یو اے ای کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ یو اے ای حکومت اور عوام کے اس خیر سگالی جذبہ سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات میں گرم جوشی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ مقامی اخبارات نے خصوصی سپلیمنٹ اور ریڈیو نے یوم پاکستان کے حوالے سے پروگرام نشر کئے۔ دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت کو پاکستانی پرچم کے رنگ سے سجایا گیاتھا۔ مرکزی تقریب سفارت خانہ پاکستان میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان معظم احمد خان تھے۔ جنہوں نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی سبز رنگ کے ملبوسات میں شریک ہوئی۔سفارت خانہ پاکستان منی پاکستان کا منظر پیش کررہا تھا۔ پاکستانی اسکولوں کے طلباء و طالبات نے سفید لباس کے ساتھ گلے میں سبز مفلر پہن کر قومی و ملی نغمے اور علاقائی رقص پیش کرکے ماحول کو گرما دیا۔ صدر اور وزیراعظم پاکستان کے قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک وطن عزیز کو چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن قوم نے قومی یک جہتی اور عزم و ہمت سے ان کا مقابلہ کیا۔ پاکستان کے خلاف حالیہ غیر ملکی بھارتی جارحیت کے دوران پاکستانی قوم کی طرف سے کی گئی اتحاد اور ذمہ داری کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن برقرار رکھنے استعداد رکھتا ہے۔
سفیر پاکستان نے خصوصی طور پر متحدہ امارات کا شکریہ کیا۔ جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔ بانی امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔ جنہوں نے پاکستانی قیادت کے ساتھ مل کر دوستی کے بیج بوئے۔ جو آج تناور درخت بن چکے ہیں۔
پاکستان کی اقتصادی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سفیر پاکستان معظم احمد خان نے کہا کہ ہم انہیں ہر سطح پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کےکردار کو سراہتے ہیں۔ سفارت خانہ کے دروازے پاکستانیوں کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ سفیر پاکستان نے شرکائے تقریب کے ساتھ مل کر بھرپور تالیوں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ یوم پاکستان کا کیک کاٹا۔ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے ایک دوسرے نے گلے مل کر مبارک باد دی۔ آخر میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
سفیر پاکستان معظم احمد خان کی جانب سے 23مارچ کے حوالہ سے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں شاندار اور پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں متعدد ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں، وزارت خارجہ اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ اسٹیج کو خصوصی طور پر پاکستان اور یو اے ای کے پرچموں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان تھے جنہوں نے یوم پاکستان کا کیک کاٹا۔ تقریب کے دوران سفیر پاکستان معظم احمد خان نے اپنے خطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے یو اے ای کے ساتھ دیرینہ، مذہبی، ثقافتی اور اقتصادی روابط رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان حالیہ ملاقاتوں نے اس خاص تعلق کو مزید فروغ دیا ہے۔ ہماری قیادت کا عزم ہے کہ ہم نے خطہ میں ہر حال میں امن برقرار رکھنا ہے۔