• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹی خبروں کی روک تھام، چیف جسٹس سے ثبوت شہادت دینے کے عمل کو آسان بنانیکی استدعا کی، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بدنیتی پر مبنی الزامات اور جھوٹی خبروں کی روک تھام کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیاجس میں تجویز دی گئی ہے کہ ہتک عزت اور توہین آمیز تحریروں کے حوالے سے قوانین پرموثرعملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ہر شہر اور ضلع کی سطح پر ججز کا تقررکیا جائے ‘ فواد چوہدری کا خط میں کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہتک عزت اور توہین آمیز تحریرکی اشاعت کیخلاف موجودہ قوانین کا نفاذ اس طرح موثر نہیں جیسے ہونا چاہیے،جن اضلاع میں 50 لاکھ یا زائد آبادی ہو وہاں پر4 ججز، 25 لاکھ یا زائد آبادی پر 2 ججز، 25لاکھ سے کم آبادی کے اضلاع میں ایک جج تعینات کرنے کی تجویز کرنا چاہتا ہوں، ثبوت کی فراہمی، شہادت دینے اور درخواست دائر کرنے کے عمل کو آسان اور سادہ بنانے کی بھی درخواست ہے،یہ اقدام بدنیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کو روکنے کا موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا جس میں وزیر نے لکھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی توجہ انتہائی عوامی اہمیت کے حامل معاملے پر مبذول کرانے کیلئے لکھ رہا ہوں،درخواست ہے کہ جوڈیشل کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس پر غور کیا جائے،جیسا کہ آپ کو علم ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے پاکستان میں پرنٹ، الیکٹرونک اور ڈیجیٹل میڈیا کے سائز میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے‘ میڈیا نے معاشرے میں گہری رسائی حاصل کی اور تمام طبقات پر اثر انداز ہوا،بدقسمتی سے ہتک عزت اور توہین آمیز تحریرکی اشاعت کے خلاف موجودہ قوانین کا نفاذ اس طرح موثر نہیں جیسے ہونا چاہیے،اس سے انصاف کے حصول اور مجرموں کا احتساب کرنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے،لہذا، ہر شہر اور ضلع میں ججوں کو تعینات کرنے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین