کراچی(جنگ نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کو ختم ہونا چاہئے یہ تنظیمیں ملک میں ہونی ہی نہیں چاہئے تھیں، پاکستان کے اندر کسی مسلح تنظیم کا قائل نہیں ہوں، کالعدم تنظیموں کے اراکین کو مرکزی دھار ے میں لانا چاہئے،بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کرنے دیں انہیں جلد دنیا سمجھ آجائے گی، آصف زرداری سے کہا ہے کہ آپ نے مجھ سے بہت کچھ سیکھ لیا اب بلاول کو بھی میری شاگردی میں دیدیں، نواز شریف اور شہباز شریف کو مختلف مقدمات میں گھیر کر جیلوں میں پھینک دیا گیا، یہی صورتحال آصف زرداری کیخلاف بھی بنتی نظر آرہی ہے، نیب آصف زرداری کیخلاف متحرک ہوگئی ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کو فیصلہ کرنا ہے کہ اپنے موقف کے تابع سیاسی عمل شروع کریں یا اپنی مشکلات سے نکلنے کیلئے مفاہمت کا راستہ اختیار کریں، عمران خان کو ڈپلومیسی نہیں آتی یہ کرکٹ کھیلنے والے لوگ ہیں، وزیراعظم عمران خان کا بیان افغانستان کے معاملات میں مداخلت تھی، دفاع افغانستان کونسل سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے۔پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، اگر ثابت ہوجائے کہ کسی کو جبراً مسلمان کیا گیا ہے تو یہ جرم ہے،نواز شریف اور شہباز شریف مفاہمت کے راستے پر چل رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے آصف زرداری مزاحمت کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں،ملک کا چکر پورا کرنے کے بعد اسلام آباد میں لاک ڈاؤن کریں گے، آج کل کی خبروں کے مطابق عمران خان کی حکومت بہت جلد ختم ہوجائے گی، امریکا اور افغان طالبان کے مذاکرات کامیاب ہونے چاہئیں، عمران خان کا بیان افغانستان کے معاملات میں مداخلت تھی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی مینڈیٹ عوام کا نہیں انہیں ڈاکا ڈال کر لایا گیا ہے، جمہوریت پسند ہیں آئین کے مطابق ملکی نظام چلاناچاہتے ہیں، انتہائی ناجائز اور غلط نتائج کے حامل دھاندلی زدہ الیکشن کو تسلیم کرنا ممکن نہیں، ناموس رسالت اور ختم نبوت آئین میں شامل نہ ہوں تو آپ مجھ پر مذہب کارڈ استعمال کرنے کا الزام لگاسکتے ہیں، دینی مدارس پر جب بھی حملے ہوئے ہم سامنے آکر لڑے ہیں مدارس کا پورا نظام عام لوگوں کے چندوں پر قائم ہے، امریکا کے فنڈز سے مدارس کا بڑھنا بالکل لغو بات ہے، جنرل ضیاء الحق نے زکوٰة کے پیسے مدارس کو دیئے اس پر علماء میں اختلاف تھا، وفاق المدارس کا قطعی فیصلہ ہے کہ سرکار کی زکوٰة کا پیسہ وصول کرنا زہر قاتل ہے، مدارس کیخلاف بین الاقوامی دنیا کی مہم ہر حکومت میں چلتی رہی ہے، بینظیر بھٹو نے 1994ء میں دینی مدارس کے فضلاء کا اسکولوں میں بھرتی کا سلسلہ روک دیا تھا، مساجد پر دہشتگردی کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اور حکومت کا رویہ بہت اچھا رہا، غیرمسلموں کے مذہبی تہواروں میں مسلمانوں کا اس طرح شرکت کرنا کہ ان کی طرح نظر آئیں یہ درست نہیں ہوگا، پاکستان میں صرف ہندو لڑکیوں کے مسلمان ہونے کا پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے حالانکہ یہاں عورتوں سے زیادہ مرد مسلمان ہوتے ہیں، اگر ثابت ہوجائے کہ کسی کو جبراً مسلمان کیا گیا ہے تو یہ جرم ہے، پاک بھارت جنگ کا خطرہ نظر نہیں آرہا ہے، حکومت کالعدم تنظیموں کیخلاف بات انڈیا کے دباؤ پر کررہی ہے، یہاں اپنی عقل اور ضرورتوں کی بنیاد پر فیصلے کیوں نہیں کیے جاتے،آصف زرداری مجھ سے کہتے ہیں میں آپ کا شاگر ہوں ۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں انتخابات میں دھاندلی اور موجودہ حکومت کے ناجائز ہونے پر اتفاق کے باوجود متحدہ تحریک کی طرف نہیں جاسکی،نواز شریف اور شہباز شریف اس وقت مفاہمت کے راستے پر چل رہے ہیں، آصف زرداری کے پیغام سے لگتا ہے کہ وہ مفاہمت کے بجائے مزاحمت کا راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں۔