لاہور(اکنامک رپورٹر، این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کے نومنتخب صدر حمید ہارون اور سیکرٹری جنر ل سرمد علی کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعلیٰ نے سینئر نائب صدر رمیزہ مجید نظامی ، نائب صدر ممتاز اے طاہر، جوائنٹ سیکرٹری ایس ایم منیر جیلانی اور فنانس سیکرٹری شہاب زبیری کو بھی مبارکباد دی ہے۔وزیراعلیٰ نے نومنتخب عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات سماجی اور معاشرتی مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔رائے عامہ کوہموار کرنے میں آج بھی اخبارات کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے، امید ہے اے پی این ایس کے نومنتخب عہدیدار اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے اپنا موثر کردارجاری رکھیں گے۔ مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اوررکن قومی اسمبلی مونس الٰہی ایم این اے نے بھی اے پی این ایس کے نومنتخب صدر حمید ہارون اور جنرل سیکرٹری سرمد علی سمیت تمام نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغامات میں امید ظاہر کی کہ نئے عہدیدار بھی اخباری صنعت اور اس سے وابستہ صحافیوں اور دیگر کارکنوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں اور تجربہ بروئے کار لائیں گے۔