• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ق لیگ عثمان بزدار کی وزارت اعلیٰ جاری رکھنے کے حق میں

اسلام آباد (عمر چیمہ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ممکنہ سکبدوشی کے حوالے سے گوکہ افواہوں کا بازار گرم ہے تاہم صوبائی حکومت میں تحریک انصاف کے اتحادیوں نے ان کے تسلسل کے حوالے سے وفاقی حکومت کو پیغام دیا ہے۔ یہ بھی کہا ہے کہ اندرون ایوان تبدیلی آسان ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ ہفتے انے کلیدی اتحادی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مستقبل زیرغور آیا۔ ان میں انتظامی صلاحیتوں کی کمی کی شکایت سامنے آئی ہیں جس کی وجہ سے ترقی کی رفتار سست پڑگئی۔ دوسری وجہ تشویش یہ بھی ہے کہ وہ پارٹی کے اندر گروہ بندیوں پر قابو نہیں پاسکے۔ وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے خبردار کیا ہے کہ عجلت میں کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے عثمان بزدار کا مضبوطی سے دفاع کیا اور مسلم لیگ (ق) کے ذرائع نے تصدیق کی کہ ان کی جماعت عثمان بزدار کی حمایت جاری رکھے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق) نے وزارت اعلیٰ کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار کی غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا تھا، وہ ق لیگ کا انتخاب نہیں تھے۔ جب فیصلہ ہوگیا تو سب سے اتفاق کیا۔ اب عثمان بزدار کو جاری رہنا چاہئے۔ یہ قیاس آرائیاں بھی گردش میں رہیں کہ وہ ایک طاقتور خاتون کا انتخاب تھے، لیکن گجرات کے چوہدری برادران سے قریب ایک رکن پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ عثمان بزدار کے نام سے ق لیگ کی قیادت کو جہانگیر ترین نے آگاہ کیا تھا۔ اپنے 10ارکان کے ساتھ مسلم لیگ (ق) پنجاب اسمبلی میں بادشاہ گر ہے۔ تحریک انصاف کو سادہ اکثریت کے لئے 186ارکان کی ضرورت ہے جبکہ صوبائی ایوان میں اس کے ارکان کی تعداد 180ہے۔ وزارت اعلیٰ کے لئے عثمان بزدار کو نپے تلے 186ووٹ ہی ملے۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی کے امیدوار کی حیثیت سے چوہدری پرویز الٰہی کو 201ووٹ ملے جس سے مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں میں بھی ان کے لئے حمایت کا اندازہ ہوتا ہے۔ موجودہ صورتحال سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے اندرون ایوان تبدیلی کسی خطرے سے خالی نہیں ہوگی اس میں بڑا چیلنج متفقہ امیدوار کا انتخاب ہوگا۔ یہ رکاوٹ عبور کرلی گئی تو نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب خود ایک چیلنج بن جائے گا۔ آزاد ارکان حکمراں جماعت کے امیدوار کو ووٹ دینے کے پابند نہیں ہیں۔

تازہ ترین