پشاور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مکہ مکرمہ سے جاری اپنے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیاہے اور کہاہے کہ حکومت ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کردیتی ہے ۔ حکومت اپنے ماہانہ اخراجات کم کر نے کی بجائے ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ لیتی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ٹیکس جمع کرنے اور ٹیکسیشن نظام کو بہتر بنانے کے بڑے دعوے لے کر آئی تھی مگر جو ٹیکس پہلے جمع ہورہا تھا ، اس میں تیزی آنے کی بجائے مزید 230 ارب روپے کی کمی ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کے لئے جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے جسم و جان کا رشتہ قائم رکھنا محال ہوگیاہے ۔