لندن (جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جنہوں نے میرے مرنے کی افواہیں پھیلائیں ان تمام لوگوں کا ضمیر اور ذہن مرگیا ہے۔ آج جو عناصر ایم کیو ایم کو کچلنے اور صفحہ ہستی سے مٹانے کی سازشیں کر رہے ہیں انشاء اللہ بہت جلد وہ عناصر اور ان کو لانے والوں کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ روز نائن زیرو پر ان سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہونے والے کارکنان اور ہمدردوں سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی فلاح اور اصلاح احوال کیلئے ایک لاکھ 24 ہزار پیغمبر بھیجے اور آخر میں حضرت محمد مصطفی ؐکو دنیا میں بھیجا۔ یہ بزرگ ہستیاں جسمانی طور پر دنیا میں موجود نہیں لیکن آج14سو سال بعد بھی انہیں یاد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح اولیائے کرام اور بزرگان دین بھی جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن ان کا نام اور نظریہ آج بھی زندہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت میری علالت اور انتقال کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، ایسا عمل کرنے والے یہ بھول گئے کہ جب وہ اس دنیا سے رخصت ہوں گے تو کوئی ان کا نام لیوا بھی نہیں ہوگا۔ میں تو ذہنی و جسمانی طور پر زندہ ہوں اور جنہوں نے میرے مرنے کی افواہیں پھیلائیں ان تمام لوگوں کا ضمیر اور ذہن مرگیا ہے۔ قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ الطاف حسین کا نظریہ بھی پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے تو سارے جاگیردار اور وڈیرے ڈرے ہوئے ہیں۔ ہمیں اپنی فوج پر ناز ہے جو ملک کا دفاع کرتی ہے، اگر آپ ملک کا دفاع کرتے ہیں تو ہم آپ کو اضافی سیلوٹ بھی کرتے ہیں، ہم فوجی اداروں کا احترام کرتے ہیں۔