سینما اسکرین پر کئی جوڑیاں فلم بینوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں، لیکن فلموں میں ساتھ کام کرتے ہوئے کچھ اسٹارز بھی ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور پھر ساری عمر کا عہد وپیمان کرلیتے ہیں۔ ان مشہور جوڑیوں کےحوالے سے دنیا بھر میں ان کے مداح تجسس کا شکار رہتے ہیں اور ان کے تعلق کی خبریں بڑے شوق سے پڑھتے اور اس بارے میں آپس میں گفتگو کرتے ہیں۔
ہالی ووڈ کی شادیوں کا ذکر ہو اور الزبیتھ ٹیلر کا نام نہ آئے، ایسا ممکن نہیں۔ الزبیتھ ٹیلرجہاں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتی تھیں، وہیں ان کی آٹھ شادیاں بھی شہرت اور دلچسپی کا باعث بنیں۔ الزبیتھ نے پچاس سال تک فلمی دنیا پر حکمرانی کی اور اپنی عمر سے بڑے اور کئی سال چھوٹے مردوں سے شادی کی۔18سال کی عمر میں ٹیلر نے کونارڈ سے شادی کی تو ان کی عمر وں کے درمیان کوئی خاص فرق نہیں تھا لیکن جب ٹیلر نے مائیکل وائلڈنگ سے شادی کی تو وہ ان سے 20سال بڑے تھے۔ اسی طرح جب ٹیلر نےلیری فورٹنسکی سے 1991ء میں شادی کی تو وہ ان سے 20سال چھوٹے تھے۔
امریکا کی ایمری یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق شادی شدہ جوڑے کی عمر میں فرق ان کی شادی کو کامیاب یا ناکام بنانے میںاہم کردار ادا کرتاہے۔ اس کے لیے انہوں نے تین ہزارشادی شدہ افراد کو تحقیق میں شامل کیا۔ تحقیق سے پتہ چلا کہ عمر کا فرق جتنا زیادہ بڑھتا گیا، اسی تناسب سے شادی کے ناکام ہونے کا خدشہ بھی بڑھتا چلا گیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ جن جوڑوں کی عمروں میں فرق زیادہ ہوتاہے، ان کے خیالات، دلچسپیاں اور مقاصد بھی ایک دوسرے سے متضاد ہوتے ہیں۔ یعنی عمروں میں5سال کے فرق سے لڑائیوں یا علٰیحدگی کاخطرہ 18فیصد، 10 سال کے فرق میں30فیصد جبکہ20سال کےفرق میں95فیصد تک پہنچ جاتاہے ۔
دنیا بھر کی شوبز انڈسٹری میں کئی جوڑیاں ایسی ہیں، جن کے درمیان عمر کا فرق واضح ہے لیکن اس کے باوجود وہ خوش و خرم زندگی بسر کر رہی ہیں۔عصرِ حاضرکی چند ایسی ہی جوڑیوں کا ذکر کرتے ہیں، جو عمروں کے واضح فرق کے باوجود ایک مثالی زندگی گزار رہے ہیں۔
جارج کلونی اور امل کلونی
2013ء میں جب ہالی ووڈ اداکار جارج کلونی (عمر57سال) اپنے دوست کی پارٹی میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی قانون دان امل کلونی (عمر40سال) سے ملے تو اپنا دل ہار بیٹھے۔ دونوں نے ستمبر 2014ءمیں اٹلی میں17سال کی عمر کے فرق کے ساتھ شادی رچالی۔
روزی ہنٹنگٹن وائٹلی اور جیسن اسٹیتھم
ٹرانسپورٹر فیم اداکار جیسن اسٹیتھم کی عمر51برس اور مشہور ماڈل اور اداکار ہ روزی وائٹلی کی عمر31سال ہے، دونوں نے 2010ءمیں ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما تھا۔ اس طرح دونوں کی عمر میں20سال کا فرق ہے۔
ہیریسن فورڈ اور کیلسٹا فلوک ہارٹ
2002ء میں گولڈن گلوب ایوارڈز میں ہیریسن فورڈ(76سال) نے جب کیلسٹا(53سال) کو پروپوز کیا تو ان کی عمروں میں 22سال کا فرق تھا۔ دونوں نے 2010ء میں ایک ساتھ رہنے کا ارادہ کیا۔
لیونارڈو ڈی کیپریو اور کمیلا مورون
43سالہ ڈی کیپریو اور20سالہ کمیلا 2017ء میں ایک دوسرے کے ہمسفر بنے تھے اور خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔2017ء میں جب دونوں نے فلوریڈا میں ہونے والے میٹ دی گالا ایونٹ میں ایک دوسرے کو پسند کیا تو ان کی عمروں میں 23سال کا فرق تھا۔
مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز
مائیکل ڈگلس کی عمراس وقت 74سال اور کیتھرین زیٹا جونز کی عمر49سال ہے۔1998ء میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول کے دوران جب دونوں کی ملاقات ہوئی تو ان کے درمیاں 25سال کا فرق تھا۔ نومبر 2000ءمیں یہ ایک دوسرے کے ہمسفر بن گئے تھے۔
پیٹرک اسٹیورٹ اور سنی اوزیل
2013ء میں جب78سالہ پیٹرک اسٹیورٹ نے جاز سنگر اوزیل سے شادی کی تو دونوں کی عمر میں39سال کا فرق تھا۔ بروکلین اکیڈمی آف میوزک میں اوزیل جب ’میکبتھ‘ میں پرفارم کررہی تھیں تو پیٹرک نے انہیں پروپوز کردیاتھا۔