گڑھی خدا بخش (نمائندہ خصوصی)سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اب مزیدوقت نہیں دے سکتے ‘ کارکنان تیار ہو جائیں ‘اسلام آبادکوچ کرنے اور موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آ گیا ہے ‘اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، میں جیل میں رہوں یا باہر‘ پیپلز پارٹی انہیں ایوانوں سے باہر نکال کررہے گی‘انہوں نے ملک کا خانہ خراب کردیا ہے، ہمیں حکومت کرنے کا شوق نہیں لیکن اگر انہیں مزید رہنے دیا تو یہ ملک کو 100 سال پیچھے لے جائینگے‘ حکومت اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے مگر ہم یہ نہیں ہونے دینگے‘ان کی طرح دھرنا نہیں دینگے کہ رات کو گھر جائیں، ہم وہیں بیٹھ جائینگے ، ملک کی خاطر جہاد کرینگے اور انہیں ایوانوں سے نکال کر دم لینگے، عوام تیار ہوجائیں‘ مہم کا اعلان جلد کیا جائیگا۔ وہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
آصف علی زرداری نے کہاکہ الیکشن کے دوران میں نے اپنی تقاریر میں کہا تھا کہ مجھے ان کی نیت پر شک ہے، یہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، اس لئے مجھ پر کیسز بنائے جارہے ہیں، دوستوں نے یقین کیا، دشمنوں نے مذاق اڑایا‘ وزیر کہتے تھے کہ اٹھارویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرینگے‘ اب وزیراعظم خود بھی پھٹ پڑا ہے کہ خزانہ خالی ہے، اگر پیسہ تم سے اکٹھا نہیں ہورہا تو چھوڑ دو‘ وقت آگیا ہے کہ اسلام آباد چلیں، انہیں اقتدار سے ہٹائیں‘ مجھے حکومت کرنے کا شوق نہیں، اگر اسے مزید رہنے دیا تو یہ پاکستان کو ویسے ہی 50سال پیچھے لے گیا ہے، اب 100سال پیچھے لے جائیگا، جب سے آیا ہے ڈالر 40روپے مزید مہنگا ہوگیا، ٹماٹر، پیاز، دال، تیل سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، اس طرح غریب جی نہیں سکتا، 25سے 30ہزار کمانے والا کہاں سے 8ہزار بجلی کا بل دیگا، مگر ان کو اس کا احساس نہیں، ان کی سوچ نہیں، اس لئے ان کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا‘اب انہیں مزید وقت نہیں دے سکتے، یہ ملک کا خانہ خراب کررہے ہیں، ہم ملک کے لئے جہاد کررہے ہیں، یہ ملک کے لئے ہوگا، ہم انہیں ایوانوں سے نکالیں گے، یہ نہیں ہوگا کہ جس طرح یہ آئے تھے، کنٹینر پر بیٹھ کر شام کو گھر جاتے، صبح واپس آجاتے تھے، ہم روڈز پر بیٹھیں رہینگے، انہیں نکال کر واپس آئینگے۔ یہ وعدہ ہے، عوام ہمارے ساتھ ہیں، انہیں ہم نکالیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ تھوڑا صبر کریں، مہم کا اعلان جلد کرینگے، جلد ان کو نکالنے کی تحریک چلائینگے۔