کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حیدر آباد یونیورسٹی کا اسلام آباد میں افتتاح سندھ کے ساتھ مذاق ہے ، قانون سازی کے بغیرحیدرآباد وفاقی یونیورسٹی کے قیام کی منظوری غیر قانونی ہے ، کیا سندھ سے اجازت لی گئی ؟ کیا چارٹر پاس ہوگیا؟ تفصیلات کے مطابق اپنےایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نےکہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاوس میں چھپ کر حیدرآباد یونیورسٹی کا افتتاح کیوں کررہے ہیں؟ کیا عمران خان اہالیان سندھ کے سوالوں کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد یونیورسٹیز اب صوبائی معاملہ ہیں، وفاق کو کسی بھی ایسے فیصلے سے گریز کرنا چاہئے جس کی آئین اور قانون اجازت نہ دیتا ہو۔ درس اثناء انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40؍ ویں برسی کی تقریبات میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔