مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کس قانون کے تحت میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا ہے، کیا وہ دہشت گرد ہیں۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 7 سے 8 رکنی ٹیم نے بغیر اطلاع اور وارنٹ کے رہائشگاہ پر چھاپہ مارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت آ گیا ہے کہ نیب قانون کا غلط استعمال کر کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے، کیا نیب اب لوگوں کے گھر میں ڈاکے ڈالے گا؟
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اس وقت حمزہ شہباز اور شہباز شریف دونوں گھر میں موجود ہیں، حمزہ شہباز کچھ دیر میں اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کریں گے۔
انہوںنے سوال کیا کہ حمزہ اور شہباز شریف کیا دہشت گرد ہیں؟ قانون کے آگے نیب کو شکست ہو رہی ہے، اتنے نالائق لوگ ہیں، کالا قانون ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ نیب کے پاس کسی بھی الزام کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت نہیں، جب کچھ نہیں ملتا تو آمدن سے زائد اثاثہ جات کا الزام لگایا جاتا ہے۔