کراچی سپر ہائی وے ٹول پلازہ پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ، اندرون سندھ سے آنے والے دودھ کی کوالٹی کو چیک کیا گیا ، جن گاڑیوں سے خراب معیار کا دودھ ملا اسے وہیں ضائع کردیا گیا اور مالکان کو جرمانے بھی کئے گئے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر سپر ہائی وے ٹول پلازہ پر کاروائی کی، کوالٹی چیکنگ کے دوران دودھ کے نمونوں سے جانور کے خون سمیت واشنگ صرف کے ذرات ملنے کا انکشاف ہوا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز علی کے مطابق اندرون سندھ سے کراچی آنے والی دودھ کی گاڑیوں کو روکا گیا اور 26 ہزار لیٹر دودھ چیک کیا گیا اور جن گاڑیوں سے خراب معیار کا دودھ ملا اسے وہیں ضائع کردیا گیا ۔
کارروائی کے دوران 12 ہزار لیٹر دودھ ضائع کیا گیا اور جن گاڑیوں کے دودھ کے 2 سے تین نمونے خراب آئے انہیں پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
امتیاز علی نے جیونیوز کو بتایا کہ جلد ہی نیشنل ہائی وے اور حب روڈ پر بھی کارروائی کی جائے گی اور باڑا مالکان کو باڑے کی صفائی اور دودھ کی کولٹی کو بہتر بنانے کے لئے سندھ فوڑ اتھارٹی کی جانب سے ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی جائے گی۔