• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے پی ٹی آئی تحریری نکات دینے پر یکسو نہیں، عرفان صدیقی

سینیٹر عرفان صدیقی : فوٹو فائل
سینیٹر عرفان صدیقی : فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ اپنے مطالبات تحریری طور پر دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ لگتا ہے پی ٹی آئی تحریری نکات دینے پر یکسو نہیں، اسد قیصر کے مؤقف سے لگتا ہے انہیں اپنے وعدے، یقین دہانی پورا کرنے میں مشکلات ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ بار بار مؤقف تبدیل ہوگا تو مذاکراتی عمل مثبت انداز سے آگے نہ بڑھ سکے گا۔ پی ٹی آئی نے پہلے یا دوسرے اجلاس میں دو نکات کے علاوہ ہرگز یہ مطالبہ نہیں کیا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کسی اجلاس میں پی ٹی آئی نے حکومتی کمیٹی کے اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرنے کا نہیں کہا، بانی پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر قائدین سے ملاقات کا کمیٹی اجلاس میں نہیں کہا گیا۔

اس سے قبل اسد قیصر کا ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ہمارے نکات واضح ہیں، تحریری طور پر دینا رسمی کارروائی ہے۔ بانی اور قیادت سے ملاقات کے بعد تیسری نشست میں چیزیں واضح ہوجائیں گی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جلد بازی نہ ہو سنجیدگی ہو اور ملکی مفاد کو آگے رکھا جائے۔ حکومتی کمیٹی کو وقت دے رہے ہیں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے، حکومتی کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرے تاکہ حتمی فیصلے میں ابہام نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاوہ جو لیڈرشپ ہے اس سے بھی رابطہ ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید