• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریری ضمانت تک ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے، چوہدری نثار

اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اگر بھارتی حکومت نے فول پروف سیکورٹی کی گارنٹی دی تو پاکستانی ٹیم بھارت جائے گی، دھمکیوں کے سائے میں کرکٹ نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم واحد ٹیم ہے جس کو بھارت میں کھیلنے پر دھمکیاں مل رہی ہیں‘پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے‘بھارتی حکومت کی جانب سے فول پروف گارنٹی ملنے کے بعد ہی پاکستانی ٹیم بھارت جائے گی‘اگرتحریری گارنٹی نہ دی گئی تو پاکستانی ٹیم کو قطعاً بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘بھارت پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کیلئے حیلے بہانے کرتا ہے‘ایسے ماحول میں کرکٹ ہونی چاہئے جس میں ہمارے کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہ ہو‘ دباؤ، دھمکیوں اور خوف سے ٹیم کو نکالنا ہماری ذمہ داری ہے‘ خوف کے ماحول میں ہمارے کھلاڑی کس طرح کارکردگی دکھا سکیں گے‘اگر ایڈن گاڈرن میں پاکستانی کھلاڑیوں پر کوئی بوتل یا پتھر برسائے گئے تو کھلاڑی خوف کے سائے میں اپنا سو فیصد کھیل کس طرح پیش کریں گے‘یقین دہانی کے بغیر کرکٹ ٹیم کو ایک لاکھ سے زائدشائقین کے درمیان نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین