مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر آج پھر نیب نے چھاپہ مارا ہے اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر کا کہنا ہے کہ وہ حمزہ شہبازکو گرفتار کرنے آئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب چوہدری اصغر نے نون لیگ کے وکیل عطاء تارڑ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس حمزہ کی گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں، ہم انہیں گرفتار کیے بغیر نہیں جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز پاکستان کے نامور سیاستدان ہیں، انہیں گھر کے باہر آنا چاہیے، نامور سیاستدان کی طرح برتاؤ کریں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ نامور سیاستدان کس طرح کا برتاؤ کر رہے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز کو کارکنوں اور دیواروں کے پیچھے نہیں چھپنا چاہیے، سب دیکھ رہے ہیں کہ وہ گرفتاری سے کیسے بھاگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گرد نہیں، نہتے ہیں، ہمارے پاس کوئی بندوق بھی نہیں، صرف قانونی آرڈر کی تکمیل کے لیے آئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ شہباز پر بہت سارے الزامات ہیں، وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ان پر پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی باہر لے جانے کا الزام ہے، پاکستان آگے نہیں بڑھ رہا لیکن کون آگے بڑھ رہا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے پاس حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ موجود ہیں، گرفتاری کے لیے ہمیں گھر کے اندر جانے دیا جائے۔
واضح رہے کہ نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز بھی شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ کسی کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔
آج نیب کی ٹیم تیاریوں کے ساتھ دوبارہ شہباز شریف کے گھر پہنچی ہے، اس کے ہمراہ پولیس اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن میں خواتین اہلکار بھی کافی تعداد میں شامل ہیں۔
نیب کی ٹیم اور پولیس اہلکاروں نے میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ وہاں مسلم لیگ نون کے کارکن بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔