پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاپان کی حکومت کے ساتھ کراچی کے لیے ڈھائی ارب ڈالر کے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر مذاکرات کریں کیونکہ یہ منصوبہ حکومت جاپان نے ہی دس سال قبل کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے پیش نظر پیش کیا تھا ،لیکن سابقہ حکومتوں کی عدم توجہی کی سبب تاحال عمل پزیر نہیں ہوسکا ہے جس سے نہ صرف کراچی میں ٹریفک مسائل بڑھ گئے ہیں بلکہ پاکستان ، جاپان کی اتنی بڑی سرمایہ کاری سے محروم ہے ۔ رانا عابد حسین نے بتایا کہ دس سال قبل اس منصوبے کی لاگت ڈیڑھ ارب ڈالر تھی ،جو اب بڑھ کر ڈھائی ارب ڈالر ہوچکی ہے اور تاحال جاپانی حکومت کے پاس یہ منصوبہ عمل پذیر ہے تاہم پاکستان کی جانب سے اس منصوبے کے لیے کوئی مثبت بات چیت شروع نہیں کی گئی ہے ۔رانا عابد حسین نے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بھی اس منصوبے پر عمل کے لیے ذاتی دلچسپی لیںکیونکہ اس وقت جاپان نے بھارت میں دہلی سرکلر ریلوے کا منصوبہ مکمل کرنے کے بعد اب ممبئی سے گجرات تک بلٹ ٹرین کا منصوبہ بھی شروع کردیا ہے جبکہ پاکستان نہایت ہی آسان جاپانی قرض کی موجودگی میں اس منصوبے پر کام شروع نہیں کرپایا ہے ۔رانا عابد حسین نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ بھی تحقیقات ہونی چاہئیںکہ اس منصوبے کی تاخیر میں پاکستان میں کون سے عوامل شامل ہیں ان کو بھی منظر عام پر لایا اور ان کا محاسبہ کیا جائے تاکہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے۔
مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف قوم کے حقوق کے لیے اس جرم کی سزا بھگت رہے ہیں جو کبھی کیا ہی نہیں تھا ،میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کسی بھی لیگی کارکن کے لیے اطمینان کا سبب نہیں ہے، میاں نواز شریف کی مکمل رہائی تک صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے ۔یہ بات ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس کی جانب سے پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایم شہباز صائم جو سیالکوٹ میں صدر پاکستان اسپورٹس مارکیٹ ہونے کے ساتھ ساتھ یوسی 26 کے چیئر مین بھی ہیں، کے اعزاز میں ٹوکیو کے خوبصورت مقام اودائبہ میں عشائیے کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کینیڈا سے آئے ہوئے مہمانوں راجہ شاہد اور اعجاز صدیق کے اعزاز میں الوداعی نشست بھی منعقد ہوئی جبکہ چلی سے آئے ہوئے قریبی دوست چوہدری سلیم کو بھی خوش آمدید کہا۔ اس موقعے پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری عنصر گجر ، نائب صدر مرزا اکرم بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب میں ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ حکمرانوں کے انتقام کے باعث نواز شریف اپنی اہلیہ کے آخری وقت میں قید میں رہے جبکہ اب منصوبہ بندی کے ذریعے ان کی زندگی خطرے میں ڈالی جارہی ہے۔ اس موقعے پر ن لیگ جاپان کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل چوہدری عنصر گجر نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم لیگی کارکنوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پارٹی کے لیے اہم خدمات انجام دیں ہیں۔ مستقبل میں بھی ن لیگ اوورسیز میاں نواز شریف کا اثاثہ ثابت ہوگی۔