پاکستانی کمیونٹی دنیا کے کسی بھی ملک میں مقیم ہو وہ اپنے مذہبی اور قومی دنوں کو شایان شان اور تزک و احترام سے منانے میں کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھتی ۔ فنون لطیفہ کے شوقین پاکستانی کبھی وطن عزیز سے ثقافتی طائفے منگواتے ہیں اور کبھی کبھار پاکستان کے معروف سنجیدہ اور مزاحیہ شعراء کو بلا کر اپنی ثقافت کا پرچار دوسرے ممالک میں کرتے ہیں ۔پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بنائی جانے والی ایسوسی ایشنز اور فیڈریشنز اپنے ہم وطن تارکین کو ہر طرح کی تفریح مہیا کرنے کے لئے کام کرتی نظر آتی ہیں ۔ پاکستانی کمیونٹی نے دیار غیر میں اپنے روائتی اور ثقافتی کھیلوں کو اجاگر کرنے میں بھر پور کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوئے ہیں ۔اسپین میں پاکستانی کمیونٹی کی تقریبا ایک لاکھ ، تیس ہزار کے لگ بھگ تعداد مقیم ہے جس کا ستر فیصد حصہ بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں رہائش پذیر ہے ۔ اسپین کے صوبہ کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں مقیم ایک سماجی کارکن اور ادبی شخصیت چوہدری شاہد لطیف گجر نے یوم پاکستان کے عنوان سے گزشتہ دنو ں مشاعرے کا اہتمام بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں کیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی مرد اور خواتین نے شرکت کی ۔ اس مشاعرے کو پاکستان کی معروف شاعرہ ’فاخرہ انجم‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ،جو پاکستان سے بارسلونا خصوصی طور پر تشریف لائی تھیں ۔ ’’ایک شام فاخرہ انجم کے نام‘‘ پروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی۔شاہد لطیف گجر نے اس محفل کو بڑے اہتمام کے ساتھ سجایا تھا ۔ پاکستان سے تشریف لائی ہوئی مہمان شاعرہ فاخرہ انجم ، محمد اقبال چوہدری امیدوار قومی اسمبلی سوشلسٹ پارٹی ،ارشاد اللہ بھٹی اور میاں ممتاز دانش کی آمد پر مشاعرے کی آرگنائزنگ کمیٹی نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ریڈیو اور ٹی وی کی معروف آواز قدیر احمد خاں نے بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا۔
فاخرہ انجم سے پہلے بارسلونا میں مقیم مقامی شعراء پروفیسر شیخ آفتاب سمیت دوسرے شعراء نے اپنا کلام پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔اس موقعے پر پہلے پاکستانی نژاد امیدوار ایم این اے سوشلسٹ پارٹی محمد اقبال چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں یا یہ کہہ لیں کہ پاکستان سے اتنی دور رہتے ہوئے ایسی ادبی محافل کا انعقاد مثبت اور احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی محافل سے ہم اپنے وطن کے کلچر اور تہذیب و تمدن سے جڑے رہتے ہیں اور مقامی کمیونٹی کو بتا سکتے ہیں کہ ہم ادب دوست قوم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ادبی محافل کے انعقاد کے لیے ہمارا بھرپور تعاون ہمیشہ سے رہا اور آیندہ بھی رہے گا۔ا سپین میں اُردو ادب اور اردو زبان کی ترویج کے فروغ کے لئے چوہدری شاہد لطیف گجر کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیںاور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہیں۔مشہور شاعرہ اور ماہرتعلیم فاخرہ انجم کو اپنا کلام پیش کرنے کی دعوت دی گئی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔فاخرہ بتول نے مختلف موضوعات پر اپنا کلام پیش کر کے خوب داد حاصل کی۔ان کے پنجابی کلام پر تو حاضرین عش عش کر اٹھے۔اس محفل کی خاص بات یہ بھی تھی کہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی اس میں شرکت کی۔ تقریب میں گزشتہ ہفتہ ہونے والے قونصل جنرل کے زیر صدارت 23 مارچ کے پروقار پروگرام کے حوالے سے قونصل جنرل علی عمران چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اہل ذوق شرکاء خواتین و حضرات کو فاخرہ انجم نے اپنی کتابیں بھی پیش کی۔محمد اقبال چوہدری نے اہل اسلام کی بقا ملک پاکستان کی ترقی و کامیابی کے لیے دعائیہ کلمات پیش کئے ،مشاعرہ میں شریک خواتین و حضرات نے مشاعرہ کے آرگنائزر چوہدری شاہدلطیف گجر ، نعیم عباس بھٹی،اشرف مغل،محمد جہانگیر خان، رضوان کاظمی کو اسٹیج پر بلا کر داد دی اور حوصلہ افزائی کی۔ مہمانوں کے لیے پرتکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔