یوم پاکستان کے حوالے سے جہاں متحدہ عرب امارات کے دارالخلافہ ابوظہبی میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، وہیں دبئی قونصلیٹ آف پاکستان اور کمیونٹی نے یوم قرارداد پاکستان قومی جذبےکے ساتھ منایا۔ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت حکومت دبئی نے سبز و سفید روشنیوں سے پاکستان کا پرچم بنا کر رنگ دیا۔ یہ پاکستان سے اظہار یکجہتی کا خوب صورت اظہار تھا جسے لاکھوں لوگوں نے دیکھا۔ وہاں موجود ہزاروں پاکستانیوں نے پاکستان یو اے ای دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ قونصلیٹ آف پاکستان میں تقریب پرچم کشائی ہوئی جس کے مہمان خصوصی قونصل جنرل احمد امجد علی تھے جنہوں نے قومی ترانہ کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقعے پر صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ قونصل جنرل احمد امجد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے۔ ہم ہر حال میں متحد ہیں۔اس وقت پاکستان کے خلاف بہت سی قوتیں کام کر رہی ہیں لیکن ہم نے متحد ہو کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ جب ہم پاکستان سے باہر ہوتے ہیں تو وطن کی زیادہ یاد آتی ہے۔ ہمیں وطن قائد قائداعظمؒ اور ان کے ساتھیوں کی انتھک کاوشوں اور قربانیوں سے حاصل ہوا۔ ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے۔ قونصل جنرل نے مہمانوں اور شرکاء کے ساتھ مل کر کیک بھی کاٹا۔ پاکستان راس الخیمہ اسکول کے طلباء و طالبات نے چاروں صوبوں کے علاقائی گانے اور رقص پیش کئے۔ پاکستان اور یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ شارجہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے یوم پاکستان منانے کا انوکھا انداز اختیار کیا۔ 23 مارچ کی صبح شارجہ سے مسلسل پیدل سفر کر کے دبئی قونصلیٹ پہنچے تو شرکاء نے تالیوں سے 63 سالہ ڈاکٹر کا استقبال کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ قونصل جنرل نے ڈاکٹر محمد اکرم کی حوصلہ افزائی کی۔ شرکائے تقریب کی تواضع روایتی ناشتہ حلوہ پوری، جلیبیوں اور لسی سے کی گئی۔
یوم پاکستان کے حوالے سے ایک اورشاندار و پروقار تقریب و استقبالیہ قونصل جنرل احمد امجد علی کی جانب سے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں دیا گیا۔ اس تقریب میں ممتاز شخصیات، سفارت کاروں، مقامی تاجروں، وزارت داخلہ اور خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھرپور شرکت کی۔ قونصل جنرل اور افسران نے مہمانوں کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔ مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن منسٹر ڈاکٹر احمد بن عبداللہ حمید الفلاسی تھے۔ اس موقعے پر حکومت متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ 23 مارچ کے حوالے سے بڑی اسکرین پر معلوماتی فیچر بھی نشر کیا گیا۔ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات اور شخصیات کے بارے میں تصویری نمائش بھی ہوئی۔ اسٹیج پر پاکستان اور یو اے ای کے پرچم بھی لگائے گئے۔ بانی امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی تصاویر کو اسٹیج پر نمایاں طور پر آویزاں کیا گیا۔ دبئی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دبئی پولیس بینڈ نے سفارتی تقریب میں شرکت کی جنہوں نے پاکستان اور امارات کے قومی ترانے مہارت کے ساتھ بجائے۔ دبئی پولیس بینڈ نے ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے قدم قدم آباد‘‘ بھی موسیقی کی دھن پر سنایا اور شرکاء تقریب سے خوب داد حاصل کی۔
اس موقعے پر قونصل جنرل امجد احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے تعلقات کی تاریخ بہت قدیم ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں مضبوطی آئی ہے۔ حکومت پاکستان نے امارات کے باشندوں کے لئے نئی ویزہ پالیسی کے تحت ویزہ فری کر دیا ہے۔
تقریبات کے انعقاد میں پاکستان جرنلسٹ فورم یو اے ای بھی پیچھے نہیں رہی۔ دبئی کے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے میزبان خان زمان سرور اور مہمان خصوصی قونصل جنرل احمد امجد علی تھے۔ مہمانوں کا استقبال صدر فورم اشفاق احمد نے کیا۔ یوم پاکستان کے حوالے سے حافظ زاہد علی جنرل سیکریٹری نے روشنی ڈالی۔ تقریب میں ابوظبی چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر خان زمان سرور، صدر مرکز پاکستان شارجہ چوہدری خالد حسین، راجہ سرفراز حسین، شبیر مرچنٹ، کمرشل قونصلر ڈاکٹر ناصر خان، پاسپورٹ قونصلر عبدالوہاب شیخ، مرکز شارجہ پاکستان کے عہدیداروں نے بھی خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ امارات میں مقیم پاکستانی بھی پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کا مثبت امیج ہر سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔