پروٹین ہماری صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کا غذا میں شامل ہونا لازم و ملزوم ہے لیکن جانوروں سے حاصل کردہ پروٹین کی زیادتی نقصان دہ ہے۔
امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو اپنی غذا میں جانوروں کے پروٹین کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں کم پروٹین پر مشتمل غذا کا استعمال کم کرنے والوں کے مقابلے میں موت کےخطرات 23فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
’امریکن جنرل آف کلینکل نیوٹریشن‘ میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق عام جسامت کے شخص کو ایک دن میں 100گرام پروٹین درکار ہوتے ہیں جبکہ جو افراد روزانہ 200گرام پروٹین استعمال کرتے ہیں ان کی موت کے اثرات 23فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق میں ایسے افراد کی صحت کا جائزہ لیا گیا جن کی خوراک میں جانوروں سے حاصل کردہ پروٹین کا استعمال زیادہ تھا۔
اس کے علاوہ تحقیقمیں کہا گیا ہے کہ غذا میں گوشت سے حاصل کردہ پروٹین کی زیادہ مقدار ذیابیطس اور امراض قلب میں مبتلا افراد کے لیے زیادہ تشویش ناک ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پروٹین والی غذائیں جیسے دودھ، مچھلی، دہی، انڈے اور گوشت اگر توازن کے ساتھ استعمال کیے جائیں تو یہ فائدہ مند ہیں لیکن اگر ان کا بے تحاشہ استعمال کیا جائے تو یہ صحت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔