• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی زرداری کی ضمانت مسترد کرنے کی استدعا

قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے آصف علی زرداری کی ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیب نے جواب جمع کرا دیا ہے کہ آصف زرداری نیب سے تعاون نہیں کر رہے، وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

نیب نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کی تحقیقات جاری ہیں، آصف زرداری کے اثر و رسوخ کے باعث شواہد میں ٹیمپرنگ کا خدشہ ہے۔

تفتیشی افسر اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب داخل کرایا۔

نیب نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ نیب نے قانون کے مطابق دستاویزی شواہد حاصل کیے ہیں، نیب نے مؤقف جاننے کے لیے قانون کے مطابق آصف زرداری کو کال اپ نوٹس جاری کیا۔

نیب کا کہنا ہے کہ جن انکوائریز میں طلب نہیں کیا، آصف زرداری کو ان سے متعلق جاننے کا استحقاق نہیں۔

نیب نے مزید کہا ہے کہ آصف زرداری کو20 مارچ کو سوالنامہ دیتے ہوئے 10 دن میں جواب جمع کرانے کا موقع دیا گیا، انہوں نے درخواست ضمانت کے لیے عدالت کو گمراہ کیا اورغلط بیانی کی۔

نیب نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ آصف علی زرداری کسی رعایت کے مستحق نہیں،ان کی کمپنی نے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے کا قرض حاصل کیا۔

تازہ ترین