چڑھتے سورج کی سرزمین جاپان میں پاکستان کے سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی چالیسویں برسی کی تقریب ٹوکیو سے ملحقہ علاقے یاشیو کے کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوئی ۔اس تعزیتی اجلاس کا اہتمام پاکستان پیپلزز پارٹی کے سینئر رہنما شاہد مجید ایڈوکیٹ اور یاسر گیلانی یوسف علی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر پیپلز پارٹی کے شہداء کے علاوہ سید مجاہد عباس شاہ مرحوم سرور رانجھا برطانیہ کی والدہ محترمہ نعیم آرائیں، رحیمُ آرائیں کے والد محسن باری کے چچا کے ایصال ثواب کے لیےبھی دعا کروائی گئی۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد جاپان کے شعراء حضرات نے بھٹو شہید کی شاعری پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پی پی کے رہنماوں نعیم آرائیں، مرزا خلیل بیگ ،محسن عباس شاہ، لالہ اعظم، محمد انیس ،فیاض شیروانی، فیاض سواتی ،مرزا حسن ، محسن عباس شاہ ، سلیم شاہ، آصف قریشی سمیت ہر مکتبہ فکر سیاسی ،سماجی، دینی، کاروباری اورصحافی برادری نے شرکت کی۔
اس موقعے پر پنجابی کے مشہور شعرا ءنوید امین، ہم خیال دوست عامر فواد نے اپنے تازہ کلام پیش کیے ۔مسلم انٹرنیشنل سینٹر کے چئیرمین عبدالرحمان صدیقی ، پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکرٹری الطاف غفار ، سینئر پاکستانی طیب خان سمیت پی پی کے رہنماؤں مرزا خلیل بیگ، نعیم آرائیں، شاہد مجید، یاسر گیلانی نے بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جاے گی۔ اس موقعے پر جذباتی انداز میں نعرے بھی لگائے گئے۔ مقررین نے بھٹو کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیا ،اجلاس کے آخر میں لنگر بھی تقیسم کیا گیا۔
٭… کویت کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت حافظ محمد شبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کے سبب کویت میں بھی پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے ،تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کویت کے لیے برآمدات میں مزید اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ وہ لاہور میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش ٹیکسپو میں وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے گفتگوکررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو اعلیٰ ترین سطح پرکویت کی حکومت سے پاکستان کے لیے ویزوں پر عائد پابندی کے خاتمے کے لیے بات چیت کرنی چاہیے ،جبکہ کویت میں پاکستانی اشیاء کی نمائش کے لیے اقدامات کرنا چاہئیں، جبکہ جو پاکستانی کویت کے ساتھ کاروبار کررہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔ اس موقعے پر وفاقی مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے حافظ محمد شبیر کی پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئےٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ کویت کے لیے تجارت میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے فوری طورپر احکامات جاری کیے جائیں۔اس موقے پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد شبیر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ اشیاء کویت میں پہنچیں ،پاکستانیوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی کا خاتمہ ہو ،جس کے لیے وہ سفیر پاکستان غلام دستگیر کی کوششوں میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ ٹریڈ آفیسر نوید صابر کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے کےلیے کوششیں بھی کررہے ہیں تاہم حکومتی سطح پر بات چیت اصل نتیجہ لائے گی۔ حافظ محمد شبیر نے لاہور میں ٹیکسٹائل کی شاندار نمائش منعقد کرانے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سیکریٹری ٹی ڈیپ صالح فاروقی کی خدمات کو سراہا۔