اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے معالج کو عدالت طلب کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے میڈیکل رپورٹ تصدیق کے بعد دوبارہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوے سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔گزشتہ روزسماعت کے دوران ملزم کی جانب سے ایک مرتبہ پھر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے اعتراض کیا۔ اس دوران سرکاری وکیل کاکہناتھا کہ ہر مرتبہ ایک ہی طرح کی میڈیکل رپورٹ جمع کرادی جاتی ہے، ملزم کے معالج کو عدالت طلب کر کے رپورٹ کے بارےمیں پوچھا جائےجس پر عدالت نے میڈیکل رپورٹ تصدیق کے بعد دوبارہ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔