کراچی (اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سب کو پتا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف چور ہیں ، اگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتخابات میں ناکام ہوگیا تو پاکستان پر مشکل وقت آجائے گا، جب چور کو ہٹانے کی بات کرو تو بڑے ڈاکو نظر آتے ہیں، سیاستدان سمجھتاہے کفن میں بھی جیب ہے، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) میں ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قرض کیلئے آئی ایم ایف کی بڑی سخت شرائط ہوںگی لیکن آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہماری مجبوری ہے، جب تک معیشت بہتر نہیں ہوگی ملک بہتر نہیں ہوگا، کراچی سرکلرریلوے آج نہ بنی تو پھرکبھی نہیں بنے گی، سندھ حکومت ڈیزائن منظور کرے، ٹریک پر تجاوزات ختم کریںگے، پاکستان ریلوے ساری انکروچمنٹ ختم کرکے سندھ حکومت کو دیگی،5ارب فیزیبلٹی کے دئے اور مزید7ارب مانگے ہیں، یہ بھی دینے کو تیار ہیں مگر سندھ گورنمنٹ بھی اپنا کام کرے۔ اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور معروف بزنس لیڈر سراج قاسم تیلی،کراچی چیمبر کے صدر جنیدماکڈانے بھی خطاب کیا۔ شیخ رشید احمد نےکہا کہ ملک کی بجلی مہنگی اس لئے ہوئی کیونکہ ہم نے بجلی مہنگی لی ہے،گیس کی قیمتوں میں اضافہ چوروں کی وجہ سے ہوا۔