بارسلونا (جواد چیمہ) چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے دورہ بارسلونا کے موقع پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس کی جس میں صحافیوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنی پریس کانفرنس میں یورپ بھر کے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کی کارکردگی اور مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی۔ انہوں نے یورپ میں بھارتی چال بازیوں سے بھی پاکستانیوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا میرا ایک نعرہ ہے، وہی میری طاقت ہے وہی میرا ایمان ہے، وہی میرا دین ہے وہ ہے پاکستان زندہ باد، ابھی کچھ لوگوں نے پروگراموں میں یہ کہا کہ لوہسر کے پاس عہدہ کون سا ہے؟ سفارت خانہ میڈرڈ اور بارسلونا میں بھی بات کی گئی میں ان بھائیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرے پاس ایک عہدہ ہے وہ ہے پاکستان زندہ باد، اس کے علاوہ میرے پاس کوئی چیز نہیں ہے اور نا ہی مجھے کسی اور چیز پر فخر ہے۔ مجھے اگر فخر ہے تو پاکستانی ہونے پر ہے۔ قونصلیٹ بارسلونا میری آپ کی اور ہماری قونصلیٹ ہے۔ قونصل جنرل بارسلونا میرا آپ کا اور ہمارا قونصل جنرل ہے۔ وہ کسی ایک فرد کا، کسی ایک جماعت کا، کسی ایک علاقے کا، کسی ایک قوم کا نہیں بلکہ وہ تمام پاکستانیوں کا قونصل جنرل ہے۔ اس پر ناہی ہمیں ابہام ہے اور نا شک و شبہ ہے۔ میرا ایمان ہے کہ مذہب اسلام میں ہم سب برابر ہیں۔ اگر کوئی اوپر ہے تو وہ تقویٰ اور پرہیز گاری میں اوپر ہے۔ بڑا بزنس، بڑی گاڑیاں، بڑے نعرے لگانے سے کوئی بڑا نہیں بنتا۔ ہماری کوشش ہونی چاہئے جو بندہ پاکستان اور کشمیر کے لئے اپنے حصے کا کام کررہا ہے اس کی تحسین ہونی چاہئے میں یہ نہیں کہتا کہ میں بڑا کام کررہا ہو ں۔ سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، وہ اسٹیٹ آف پاکستان حکومت پاکستان کے ملازم ہیں اور ہم پاکستانی ہیں۔ اگر پاکستانی کا کام قونصل خانے، سفارت خانے میں نہیں ہو گا تو جو بھی آواز ہمیں اٹھانی پڑی مل کر اٹھائیں گے، ہمارا صرف ایک چیز پر فوکس ہونا چاہئے اور وہ ہے پاکستان۔ اسپین میں ہم رہتے ہیں یہ بھی ہمارا ملک ہے۔ جیسے پاکستان مجھے پیارا ہے ایسے ہی مجھے اسپین پیارا ہے۔ ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان ہماری نئی نسل ہماری سفیر ہے۔ ہمیں ان پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد اور جھوٹی چوہدراہٹ کو ختم کر کے آگے بڑھنا ہے۔