راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) کوہاٹ روڈ پر وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح 7بجے تحصیل جنڈضلع اٹک کے تھانہ بسال کے علاقہ میں کوہاٹ روڈ پر کھنڈہ موڑ ڈھوک درسکی میں کوہاٹ سے راولپنڈی آنے والی ہائی ایس وین نمبرایل ای ایکس 6822 راولپنڈی سے کوہاٹ کی جانب جانے والی کارنمبرآرایل سی 8027سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 4افراد موقع پرہی افراد جان کی بازی ہار گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں سیدنصرت شاہ ،سیدابراہیم شاہ ، سیدشاہ علی اورزبیرعلی شاہ شامل ہیں جب کہ زخمیوں کے نام ابرارخان ،مقصود، جاوید،ثاقب اورزبیر احمد بتائے جاتے ہیں جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال فتح جنگ منتقل کردیا گیا۔ان میں سے ایک شدیدزخمی کوبعدازاں راولپنڈی منتقل کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق مسافروین کوہاٹ سے راولپنڈی جا رہی تھی، وین اوورٹیک کرنے کی کوشش میں سامنے سے آنے والی کارسے ٹکرائی۔