• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: حیات آباد آپریشن جاری، 5 دہشتگرد ہلاک

پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7کے ایک مکان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے جس کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز شریک ہیں۔

سیکیورٹی اہلکار حیات آباد فیز سیون کے ایک مکان کے قریب پہنچے تو گھر سے فائرنگ شروع کر دی گئی، جس سے ایک پولیس اہلکار قمر عالم شہید ہو گیا جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں اب تک 5 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے 2 سے 3 دہشت گرد اب بھی مکان میں موجود ہیں ، یہ مکان ایک ماہ پہلے ہی کرائے پر لیا گیا تھا، جس کا مالک ملک سے باہر ہے۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے جوانوں کو آپریشن میں مکمل احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضرورت پڑنے پر اسپیشل سروسز گروپ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

دوسری جانب پشاور کے علاقے حیات آباد کے ایک مکان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

شہید اہلکار کی نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی پولیس نے بھی شرکت کی۔


شہید پولیس اہلکار قمر عالم کی نمازِ جنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔

تازہ ترین