• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، 2ملزمان کے وارنٹ جاری

احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں 2 ملزمان کی عدم حاضر پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت 30 ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نے 2 خواتین نورین سلطان اور کرن امان کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر چیئرمین نیب کو فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت دے دی۔

اس کیس میں عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت عبدالغنی مجید، عدیل شاہ راشدی، اقبال آرائیں سمیت 30 ملزمان کو بھی طلب کیا تھا۔

عدالت نے ملزمان اعظم وزیر خان اور ناصر کی عدم حاضری پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

سماعت سے قبل غیر متعلقہ افراد کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس میں آصف زرداری اور دیگر کی پیشی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز کو تعینات کیا گیا تھا۔

تازہ ترین