مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورماڑہ میں 14بس مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے مکران کی ساحلی شاہراہ پر مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کا خون بہانے والے انسان نہیں، یہ لوگ انسانیت سے دور کا بھی واسطہ نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات باعث تشویش ہیں، مسلم لیگ نون نے تمام صوبوں کے ساتھ مل کر اس عفریت پر قابو پایا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کچھ دن سے ہونے والے منظم دہشت گردی کے واقعات دشمنوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں، غیرمقامی افراد کو نشانہ بنانا منظم سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش جاری ہے کہ پاکستان کے اندر لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تقسیم کی جائے، تاہم پاکستانی قوم نے ہمیشہ اتحاد، صبر اور قربانی کے جذبے سے ایسے بہیمانہ اور سنگین واقعات کا مقابلہ کیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دلی ہمدردی کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے،اللہ تعالی لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔
شہبازشریف نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان اور دیگر حصوں میں دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کرے، مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف سے کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتولین کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
سینیٹرسراج الحق نے اپنے بیان میں اس حوالے سے کہا ہے کہ بلوچستان میں کلبھوشن نیٹ ورک معصوم لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمےکے لیے مؤثر اقدامات کریں، مسافروں کا قتل عام انتہائی بزدالانہ فعل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی دہشت گردوں کے کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ کر کے مسافروں کو قتل کرنے کے افسوسناک واقعے پر شدید مذمت، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسافروں کو قتل کرنے کا واقعہ بربریت ہے،اس المناک واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
سردار عثمان بزدانے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمدردیاں مقتولین کے لواحقین کے ساتھ ہیں، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ آج اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے بس کے مسافروں کو اتار کر ان پر فائرنگ کر دی جس کےنتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔