• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑ رہا‘‘

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کہتے ہیں کہ کابینہ چھوڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ میں عمران خان کا ساتھ چھوڑ رہا ہوں۔

اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کابینہ میں رد و بدل کر رہے ہیں، کل رات بھی وزیر اعظم سے بات ہوئی اور آج صبح عمران خان سے ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بتایا ہے کہ کابینہ کا حصہ نہیں رہوں گا، تحریک انصاف کے ساتھ 7 سال کا سفر بہترین ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ ریکارڈ پر لانے کے لیے معاشی صورت حال بتا رہا ہوں، پاکستان کی معاشی صورت حال انتہائی خراب تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت مشکل فیصلے کیے اور اعداد و شمار میں بہتری بھی آئی تھی، پاکستانی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، مشکل فیصلے اور صبر و تحمل کی ضرورت ہے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہنئے وزیر خزانہ سے کوئی اُمید نہ رکھے کہ تین مہینے میں بہتری ہوگی، آئی ایم ایف میں جارہے ہیں، آیندہ بجٹ پر آئی ایم ایف پروگرام کا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آیندہ بجٹ مشکل ہوگا۔

دوران پریس کانفرنس اسد عمر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی۔ پاکستان کے لیے کچھ کرنے آیا تھا، جو سازشیں کررہا ہے وہ کرے، سازشوں جیسے معاملات میں نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے بہت بہتر شرائط پر معاہدہ ہوا ہے، آج بھی یقین رکھتا ہوں نیا پاکستان بنے گا، عمران خان قیادت کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ میں پہلے بھی عمران خان کے لیے حاضر تھا آج بھی حاضر ہوں، جس وقت نوکری چھوڑی تھی اس وقت تحریک انصاف پارلیمنٹ میں ہی نہیں تھی، نئے پاکستان کے لیے میری خدمات کرسی پر منحصر نہیں تھی۔

اُن کا کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف کو خیرباد نہیں کہہ رہے، مجھ سے پہلی دفعہ وزارت چھوڑنے کی بات کل رات ہوئی تھی۔ وزیراعظم عمران خان جو تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں ان کا اعلان ہوجائے گا۔

تازہ ترین