خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 خارجی ہلاک ہوگئے۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 اور 5 مئی کو مختلف علاقوں میں 8 خارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے 2 خارجیوں کو ہلاک کیا، فائرنگ کے تبادلے میں نائیک مجاہد خان شہید ہوئے۔
نائیک مجاہد خان کی عمر 40 سال تھی اور وہ ضلع کوہاٹ کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر اور بنوں میں بھی سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ جس کے دوران 3 خارجی مارے گئے۔ مارے گئے خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔