وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیاء کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلام آباد سے سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کی جنوبی ایشیاء کی حالیہ پیشرفت میں روابط کی کوششوں کو سراہا اور کشیدگی میں کمی اور تصادم سے بچنے کی ضرورت کا خیرمقدم کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور کہا بھارت اشتعال انگیز بیان بازی اور جنگ کو ہوا دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے عالمی مالیاتی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیر اعظم کو خطے میں امن کے لیے کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا، یو این سیکریٹری جنرل نے معاملے پر تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔