اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے ‘ذرائع کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی صورتحال اوردیگرامورپر مشاورت کی گئی ہے ۔ دریں اثناءوفاقی کابینہ کے بڑے بڑے برج الٹا دیئے گئے ‘ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں میں ردوبدل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات (سیفران)کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر اﷲ مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔