• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالاکوٹ میں بھارتی کارروائی، کوئی پاکستانی جان سے نہیں گیا، بھارتی وزیر خارجہ کا اعتراف

راولپنڈی/نئی دہلی(جنگ نیوز)بھارتی وزیر خارجہ نے اعتراف کیا ہے کہ بالاکوٹ میں بھارتی کارروائی کے دوران کوئی پاکستانی جان سے نہیں گیا،ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سشما سوراج کے بیان کے بعد اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آخرکار بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سچ بول دیا۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ زمینی حقائق نے بھارت کو مجبور کر دیا،امید ہے باقی جھوٹوں سے متعلق بھی سچ بولیں گے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ دیرآید درست آید۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت2طیارے گرائے جانےکی تردیدکرتارہا اور پھر پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ بھی کیا، بھارت کے دونوں دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ اور بی جے پی رہنما سشما سوراج نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے جواب میں سرحد پار کی گئی بھارتی فضائیہ کی کارروائی میں کوئی پاکستانی سپاہی یا شہری شہید نہیں ہوا۔پارٹی کی خواتین کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بالاکوٹ میں بھارت نے اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے،جب ہم نے سرحد پار یہ کارروائی کی تو ہم نے عالمی برادری کو بتایا کہ اس کارروائی کا اقدام اپنے دفاع میں کیاگیا ہے۔

تازہ ترین