• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یتیم بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے چیرٹی مشاعروں کا انعقاد

اوسلو (پ ر) غزالی ایجوکیشن فورم ایک غیر سیاسی فورم ہے جس کا مقصد پاکستان کے طول و عرض میں لوگوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ غزالی ایجوکیشن فورم وطن عزیز کے پسماندہ دیہی علاقوں میں علم کے فروغ کے لئے جہدوجہد کر رہا ہے۔ اس ادارہ کے تحت سیکڑوں اسکولز اور کالجز قائم ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات اپنی تعلیم مکمل کرکے عملی زندگی میں ایک اچھے شہری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ناروے میں غزالی ایجوکیشن فورم کے روح رواں میاں محمد طیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بے سہارا، یتیم اور غریب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے ناروے کے تین بڑے شہروں میں مشاعروں کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جن میں پاکستان کے مایہ ناز شعراء امجد اسلام امجد، سید وصی شاہ اور سید سلیمان گیلانی شرکت کریں گے۔ جبکہ ’’ غزالی ایجوکشن ٹرسٹ پاکستان‘‘ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود ان کے ہمراہ ہوں گے۔ ’’غزالی ایجوکیشن فورم‘‘ کے صدر نذر حسین عباس، سیکرٹری جنرل میاں محمد طیب، ڈپٹی سیکرٹری ضیاء الدین، فنانس سیکرٹری محمد اظہر علی نے مہمان شعرا ء کو ناروے آمد پر ان کو خوش آمدید کہا اور ناروے میں موجود پاکستانیوں کو ان مشاعروں میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔ پہلا مشاعرہ26اپریل برگن (Bergen) میں جبکہ دوسرا مشاعرہ27اپریل ستاوانگر (Stavanger) میں اور تیسرا اور آخری مشاعرہ30اپریل اوسلو (Oslo) میں منعقد ہوگا۔ ناروے میں بسنے والے محب وطن پاکستانی ان مشاعروں میں پاکستان کے مایہ ناز اور قابل فخر شعرائے کرام سے ملاقات بھی کریں گے اور کلام شاعر بہ زبان شاعر سنیں گے۔
تازہ ترین