• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ،یہ وحشی بھیڑیے ہیں، سیاسی رہنما

کراچی،لاہور،اسلام آباد(خبرایجنسیاں) آصف زرداری، فضل الرحمٰن، خالد مقبول ،سراج الحق، طاہر القادری ودیگرسیاسی رہنمائوں نے سری لنکا میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایسٹرکے دوران دہشتگردی کرنیوالے نا قابل معافی ہیں،دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ،یہ وحشی بھیڑیے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق سابق صدرآصف زرداری نےاپنے بیان کہا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر دہشت گردی کرنے والے ناقابل معافی ہیں، شدت پسندی دہشت گردی کی ماں ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ صرف وحشی بھیڑیے ہیں، دہشت گرد کرائے کے قاتل ہیں ، منصوبہ سازوں کو ختم کرنا ہوگا،دنیا کو ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف ایک پیج پر آنا ہوگا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سری لنکا میں ہونےوالے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانیں سب سے قیمتی چیز ہیں جن کا متبادل کوئی نہیں،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور مسلمان ایسے عناصر کے قلع قمع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی عالمی خطرہ بنتی جارہی ہےاسکے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ،اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں ۔ا میر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے قاتل ہیں اور دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا،دہشتگردی کے حالیہ واقعات سری لنکا کے عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی مذہب اقلیتوں کی مذہبی تہواروں پر خون کی ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا ، دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردی پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے ، تمام ممالک کو مل کر اس کے خلاف مربوط کاروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین